منعقدہ سمینار سے امتیاز شیخ، شاہ جہاں مرزا، توصیف فارقی اور دیگر مقررین نے خطاب کیا
کراچی(نمائندہ رخسار بٹ)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق شمسی توانائی 60 ملین پاکستانیوں کی بجلی ضروریات پوری کر سکتی ہے پہلی عالمی شمسی توانائی کانفرنس سے امتیاز شیخ، شاہجہاں مرزا، توصیف فاروقی، روبن ژنگ، محمد نعیم قریشی و دیگر کا خطاب گلوبل ٹائمز میڈیا تفصیلات کے مطابق شمسی توانائی ملک کی 60ملین لوگوں کی بجلی کی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اس کے استعمال سے ملک کے چھوٹے علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی کو ممکن بنایا جا سکتا ہے ان خیالات کا اظہار نیپرا کے چیئرمین توصیف احمد فاروقی نے گذشتہ روز انرجی اپڈیٹ کے منعقدہ پہلی عالمی شمسی توانائی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس کانفرنس کے انعقاد میں انرجی اپڈیٹ کو متبادل توانائی بورڈ کا خصوصی تعاون حاصل تھا۔صوبائی وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ دیگر مقررین میں چیئرمین نیپرا توصیف فاروقی، متبادل توانائی بورڈ کے سربراہ شاہجہاں مرزا، وزیر اعظم کے معاون خصوصی محمود مولوی، ہواوے پاکستان کے مینجنگ ڈائریکڑ روبن ژنگ، چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی اور مینجنگ ایڈیٹر انرجی اپڈیٹ محمدنعیم قریشی، کنٹری مینجر سن گرو پاور سپلائی عثمان وحید، کلو واٹ ٹیکنالوجیز کے بلال شیخ، ایڈاپٹیو ٹیکنالوجیز کے سی ای او شاف محبوب، فیصل بنک کی طیبہ رشید، انویرکس سولر انرجی کے عمر احمد فاروقی، سولس انرجی کے سی ای او فرمان لودھی، ڈائریکڑ حیسکو عرفان احمد، سمیر میر شیخ، پاکستان سولر ایسوسی ایشن کے نائب چیئرمین وقاص موسی، فیروز پاور کے رضا فیروز، آئی پی ایس کے سی ای او وسیم شیخ، ڈائریکڑ دیوان انٹرنیشنل فاز دیوان، اورینٹ انرجی کے واصف لعیق، انیس یونس و دیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر چیئرمین نیپرا نے کہا کہ جو نجی کمپنیاں شمسی توانائی پر کام کر رہی ہیں انہیں چائیے کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے 30فیصد پاکستانی گھروں کو شمسی توانائی کے ذریعے بجلی فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ نیپرا نیٹ میٹرنگ کے حوالے سے صارفین کو آگاہی فراہم کر رہی ہے تاکہ متبادل توانائی پر انحصار بڑھایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ نیپرا کی کوششوں کی وجہ سے پن بجلی کو بھی متبادل ذرائع میں شامل کیا جا رہا ہے جس کے بعد پاکستان آنے والے سالوں میں 60فیصد بجلی متبادل توانائی سے حاصل کرنے والا ملک بن جائے گا۔اس موقع پر متبادل توانائی بورڈ کے سربراہ شاہجہاں مرزا نے کہا کہ ابھی تک ملک میں متبادل توانائی سے حاصل کی جانے والی بجلی ملک کی کل بجلی کا 6فیصد ہے اور اس کو 2030تک 30فیصد تک لے جانے کیلئے بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سولر اور ونڈ کے پروجیکٹ لگانے کیلئے نیا سسٹم لایا جا رہا ہے تاکہ سرمایہ داروں کیلئے آسانیاں لائی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ اے ای ڈی بی بلوچستان میں شمسی توانائی کے ذریعے 14000ٹیوب ویلز لگانے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔اس موقع پر مہمان خصوصی صوبائی وزیر توانائی امیتاز احمد شیخ نے کہا کہ شمسی توانائی ملک میں کاربن کے اخراج میں کمی کا باعث بنے گی جو پاکستان کو پیرس اگریمنٹ کے تحت کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جو ونڈ کوریڈور بنا چکا ہے اور شمسی توانائی کے ذریعے بھی سب سے زیادہ بجلی حاصل کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ورلڈ بنک کے تعاون سے 2لاکھ گھروں کو شمسی توانائی کے ذریعے بجلی فراہم کی جا رہی ہے اور اسی پروجیکٹ کے تحت 35بڑے سرکاری ہسپتالوں میں شمسی توانائی کے ذریعے بجلی دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں 55ہزار ایکڑ زمین متبادل توانائی کے منصوبوں کیلئے مختص کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ہمارے نئے منصوبوں کیلئے تعاون نہیں کر رہی جس کے باعث سندھ میں کم سست روی کا شکار ہے۔
