غریب عوام کی بقاء کیلئے نیازی حکومت کا جانا لازم ہو چکا ہے۔ صوبائی صدر مسلم لیگ ن خیبر پختون خواہ
سوات(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن صوبہ خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران ملک سے غربت کے بجائے غریب کو ختم کرنے پر تلے ہوئے ہیں، غریب عوام کی بقاء کیلئے نیازی حکومت کا جانا لازم ہو چکا ہے، اب ان ظالم حکومت سے چھٹکارہ حاصل کرنا ہر پاکستانی پر فرض ہو چکا ہے، ملاکنڈ ڈویژن کے عوام 4 جولائی کو پی ڈی ایم کے احتجاجی جلسہ میں بھر پور شرکت کرکے پی ٹی آئی اور نیازی حکومت کو مسترد کر دینگے،عمران کے دور میں پاکستانیوں کا عزت اور وقار بیرونی دنیا اور ملک کے اندر ختم ہو چکا ہے، یو اے ای، سعودی عرب، یو کے اور دیگر ممالک نے پاکستان کو بلیک لسٹ کر دیا ہے، اس ملک کے مسائل کا حل مسلم لیگ، نواز شریف اور شہباز شریف کے پاس ہیں، اب عوام کو خود فیصلہ کرنا ہو گا، وہ 4 جولائی کو سوات میں پی ڈی ایم جلسہ کی تیاریوں کے سلسلے میں سوات کی تحصیل چارباغ اور بعد ازاں تحصیل کبل میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے،انہوں نے کارکنوں اور عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ 4 جولائی کے جلسہ کیلئے بھر تیاری کریں اور زیادہ سے زیادہ عوام کو اس میں شریک کریں تاکہ پی ڈی ایم کا بیانیہ عوام تک پہنچ سکے اور عوام کو اس نا اہل حکمرانوں سے نجات پانے کیلئے وہ پی ڈی ایم کے ھاتھ مضبوط کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن برسراقتدار آکر عوام کے بنیادی مسائل حل اور ملکی وقار کو دوبارہ بحال کرے گی۔
