کل سوات میں پی ڈی ایم کا جلسہ ہر صورت میں ہوگا۔ انجینئر امیر مقام

Spread the love

حکمران عوامی غیض و غضب سے نہیں بچ سکیں گے۔صوبائی صدر مسلم لیگ ن خیبر پختون خواہ

سوات(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن صوبہ خیبر پختونخوا کے صدر انجینئرا میر مقام نے کہا ہے کہ کل سوات میں پی ڈی ایم کا جلسہ ہر صورت ہو گا،جلسے میں عوامی دلچسپی دیکھ کر حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اُتر آئی ہے، حکمران عوامی غیض و غضب سے نہیں بچ سکیں گے، اگر عوام کو روکنے کی کوشش کی گئی تو پھر حالات کی ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہو گی،پی ڈی ایم کی تحریک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہونے والی ہے، حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں، بہت جلد ان نا اہل حکمرانوں کو چلتا کریں گے، نیازی حکومت نے عوام کو مہنگائی، بیروزگاری اور بد امنی کے سوا کچھ نہیں دیا، انشاء اللہ عوام 4جولائی کے جلسے میں حکمرانوں کو آئینہ دکھائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات اوڈیگرام میں پاکستان مسلم لیگ ن کے ضلعی جنرل سیکرٹری سید حبیب علی شاہ کی رہائش گاہ پر حلقہ پی کے 6 کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری سید حبیب علی شاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا انجینئرا میر مقام کا کہنا تھا کہ 4 جولائی کے جلسے کیلئے تیاریاں اور عوام کی دلچسپی دیکھ کر حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہے اور جلسہ ملتوی کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے لیکن ہم اُن پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ کل ہونے والا پی ڈی ایم کا جلسہ ہر صورت ہو گا گراسی گراؤنڈ میں جلسے کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اگر عوام کو روکنے کی کوشش کی گئی توحالات کی ذمہ داری پھر ان نااہل حکمرانوں اور حکومت پر عائد ہو گی انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ غربت کا خاتمہ کریں گے لیکن وہ ان وعدوں کی تکمیل کے بجائے غربت کے بجائے غریب کے خاتمے پر تلے ہوئے ہیں یہ عوامی لوگ نہیں اسلئے ان ک و عوامی مسائل اور مشکلات کے حوالے سے کوئی احساس نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک ان نا اہل حکمرانوں کو لے ڈوبے گی اور ان عوام دشمن حکمرانوں کو چلتاکیا جائیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں