باربارکمپلینٹ آفس کیوں آتے ہو ، 15 پر کال کر کے تمہیں اندر کروا دُوں گا ، آئیسکوجہلم اہلکار جاوید کی دھمکی

Spread the love

جہلم(محمد الیاس کھوکھر)باربارکمپلینٹ آفس کیوں آتے ہو ، 15 پر کال کر کے تمہیں اندر کروا دُوں گا ، آئیسکوجہلم اہلکار جاوید کی دھمکی ،ہمیں چار گھنٹے ذلیل کیا گیا ، آخر میں ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے ڈر سے پانچ منٹ کے اندر اندر بجلی بحال کر دی گئی ، ٹرانسفارمر کا لنک نہ لگانے اور ہمیں پورے چار گھنٹے تک خوار کرنے پر واپڈا اہلکار جاوید اور ایس ڈی او ولید کے خلاف محکمانہ کاروائی کی جائے ، علاقہ مکین ، تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات ساڑھے دس بجے 10:30 بجے شمالی محلہ میں گلی نمبر 2 کے ٹرانسفارمر کا لنک اُڑ گیا جس سے گلی کے آدھے سے زائد گھروں کی بجلی بند ہو گئی جس کی اہل علاقہ نے آئیسکو سول لائن سب ڈویڑن مشین محلہ نمبر 2 جہلم میں کمپلینٹ درج کروا دی۔ ایک گھنٹہ گزرنے کے بعد بھی جب بجلی بحال نہ ہوئی تو شہریوں نے دوبارہ آئیسکو آفس آ کر کمپلینٹ کی جس پر واپڈا اہلکار جاوید نے کہا کہ آپ کی کمپلینٹ درج ہے آپ کی بجلی ٹھیک ہو جائے گی۔ ایک گھنٹہ مزید گزر گیا بجلی ٹھیک نہ ہوئی۔شہریوں شیر علی اور محمد سجاد نے میڈیا کو بتایا کہ اس کے بعد بھی ہم نے دوتین چکر آئیسکو آفس کے لگائے مگر ہر بار جاوید ہمیں کہتا رہا کہ بجلی ٹھیک ہوجائے گی۔ اس دوران ہم مسلسل ایس ڈی او ولید سے فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کرتے رہے مگر انھوں نے ہماری کال اٹینڈ نہیں کی۔ جب چوتھی مرتبہ رات ڈھائی بجے 02:30 بجے ہم کمپلینٹ آفس گئے تو جاوید آپے سے باہر ہو گیا اور غصہ سے کہا کہ لائن مینوں کو خوش کیے بغیر بجلی بحال نہیں ہو گی، کیوں بار بار دفتر آ جاتے ہو میں 15 پر کال کر کے تمہیں اندر کروا دُوں گا۔شیر علی اور محمد سجاد نے میڈیا کو بتایا کہ پھر ہم نے دفتر میں جاوید کے سامنے اپنی کمپلینٹ اور آئیسکوکمپلینٹ رجسٹرسول لائن سب ڈویژن جہلم کی ویڈیو بنائی تو ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے ڈر سے وہیں بیٹھے بیٹھے پانچ منٹ کے اندر ہمیں اپنے گھروں سے کالز آنا شروع ہو گئیں کہ بجلی بحال ہو گئی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ ہمیں چار گھنٹے تک ذلیل و خوار کرنے پر واپڈا اہلکار جاوید اور ایس ڈی او ولید کے خلاف سخت سے سخت ایکشن لیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں