میڈیا مخالف شقوں کو ختم کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں،صدر چوہدری عابد محمود

Spread the love

جہلم(عمیراحمدراجہ +عبدالغفارآذاد)صدر جہلم پریس کلب چوہدری عابد محمودنے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی جانب سے آزادی اظہار کے منافی اور انتہائی متنازعہ ترامیم پر مبنی پنجاب استحقاق بل 2021 ء سے میڈیا مخالف شقوں کو ختم کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے،جے پی سی کے صدر چوہدری عابد محمود نے اپنے بیان میں متنازعہ شقوں کے خاتمے کے اعلان پر اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ میڈیا مخالف قوانین آئین پاکستان کی آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے سے متعلق بنیادی شقوں کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔پنجاب اسمبلی نے انتہائی متنازعہ بل کی منظوری سے صحافیوں اور میڈیا کارکنوں میں شدید تشویش اور سراسیمگی پھیل گئی تھی۔ جے پی سی کے صحافیوں نے، میڈیا کارکنوں اور دیگر میڈیا تنظیموں کے ساتھ ”پنجاب استحقاق بل 2021ء ”کی منظوری کے خلاف آواز بلند کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہلم پریس کلب کے عہدیداران و ممبران ملک بھر کی صحافی برادری کی بقاء کے لئے پاکستان کے آئین سے متصادم کسی بھی قانون کو ہرگز قبول نہیں کریں گے۔ملکی قانون اور آئین پاکستان آزادی اظہار اور میڈیا کی آزادی کی ضمانت دیتا ہے، اسی اثناء میں حکومت پنجاب کا ”پنجاب استحقاق بل 2021ء”پر نظرثانی کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں