تھانہ سوہاوہ پولیس کا انوکھا کارنامہ 3 جولائی کو اغواء، 4 جولائی کو بازیاب ہونے والے مغوی کی درخواست پرمقدمہ درج

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +عامرکیانی)تھانہ سوہاوہ پولیس کا انوکھا کارنامہ 3 جولائی کو اغواء، 4 جولائی کو بازیاب ہونے والے مغوی کی درخواست پر 8 جولائی کو اغواء کا مقدمہ درج کر لیا گیا، متاثرہ نوجوان حصول انصاف کے لئے دربدر، ڈی ایس پی نے بھی دروازے بند کر دیئے، پولیس وین میں موجود اغواء کاروں نے تاجر کی جیب سے 65/70 ہزار بھی نکال لئے، متاثرہ تاجر اپنی آواز ارباب اختیار تک پہنچانے کے لئے پریس کلب پہنچ گیا، تفصیلات کے مطابق صابر حسین ولد راج ولی سکنہ جندوٹ ڈاکخانہ شاہ سفیر نے 3 جولائی کو تھانہ سوہاہ میں درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ میرا بیٹا جو سوہاوہ میں ایزی لوڈ، احساس کفالت پروگرام کے تحت رقوم متاثرہ شہریوں کو فراہم کرتا ہے کو رات 9بجے جب وہ دکان بند کرکے گھر جانے کے لئے نکلا تو جی ٹی روڈ سوہاوہ پنجاب بینک کے قریب سے پولیس وین میں موجود افراد نے زبردستی گاڑی میں سوار کر لیا اور نامعلوم مقام کی طرف لے گئے ہیں، جس پر پولیس نے مغوی فیصل حسین کے والد کو طفل تسلیاں دیکر گھر بھجوا دیا، اگلے روز 4 جولائی کو اغواء کاروں نے فیصل حسین کوملوٹ کے قریب جنگل میں چھوڑا اور دھمکی دی کہ اگر سر اٹھا کر دیکھا تو تمہارے سر میں گولی مار دی جائیگی اسطرح فیصل حسین طویل دورانئے تک اسی جگہ پر بیٹھا رہا کافی دیر گزرنے کے بعد جب فیصل نے اپنے سر سے تولیہ اور ہیلمٹ اتار کر دیکھا تو وہ ویران جنگل میں موجود تھا فیصل نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ ایک گاڑی جو کہ ملوٹ کی طرف سے آرہی تھی کو روکا اور گاڑی کے ڈرائیور سے مدد مانگی اور اپنے ساتھ ہونے واقعہ بارے بتایا تواس نے مجھے لاہور موڑ اتارہ وہاں سے میں نے 15 پر اطلاع دی اور اپنے گھر والوں کو بتایا کہ میں جہلم پہنچ گیا ہوں اس طرح تھانہ صدر پولیس نے میرا بیان ریکارڈ کیا اور تھانہ سوہاوہ پولیس نے بھی پوچھ گچھ کی اس کے بعد اغواء کاروں کے متعلق کسی قسم کی کارروائی نہیں کی گئی، میری جیب میں موجود 65/70 ہزا ر روپے نکالنے والے کون لوگ تھے، مجھے اغواء کرنے کے لئے پولیس گاڑی کیوں استعمال کی گئی، کسی نے اس پر کارروائی کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی، جبکہ 3 جولائی کی رات جب مجھے اغواء کیا گیا تو پوری رات میرے اوپر وحشیانہ تشدد کیا جاتا رہااور ایک ہی حکم جاری کیا گیا کہ سوہاوہ سے اپنا کارروبار سمیٹ لو ورنہ تمہیں قتل کر دیں گے، اس دوران اغواء کاروں نے ٹیلیفون پر کسی نامعلوم شخص سے بات کروائی جس نے کہا کہ جو کچھ یہ کہتے ہیں اس پر عمل کرو ورنہ تمہیں ختم کر دیا جائیگا۔سوہاوہ پولیس نے نہ تو مقدمہ درج کرنے کی ضرورت محسوس کی ہے اور نہ ہی اغواء کاروں اور اغواء میں استعمال ہونے والی پولیس گاڑی کی بابت دریافت کرنے کی کوشش کی ہے، جس کیوجہ سے خوفزدہ ہوں کہ اغواء کار مجھے قتل کرسکتے ہیں کیونکہ قانون اغواء کاروں کا محافظ بن چکا ہے، متاثرہ شخص نے بتایا کہ ڈی ایس پی سوہاوہ کو اپنی روداد بیان کرنے کے لئے ان کے دفتر گیا لیکن انہوں نے میری گزارشات سننے سے انکار کردیا، متاثرہ شخص نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شاکر حسین داوڑ سے مطالبہ کیاہے کہ میرے اغواء میں ملوث کرداروں کو بے نقاب کرنے اور میرے اغواء میں استعمال ہونے والی پولیس گاڑی کی تفتیش کروائی جائے تاکہ ملزمان نے میری جیب سے جو رقم چھین رکھی ہے مجھے دلوائی جائے اور قانون کے مطابق کارروائی کرکے مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔موقف جاننے کے لئے پولیس ترجمان یاسر ربانی سے رابطہ قائم کیا گیاتو انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے، مقدمہ درج ہو گا، میرٹ پر تفتیش ہوگی، اغواء کار اور اغواء کاروں کی سرپرستی کرنے والے ملزمان کو منظر عام پر لایا جائیگا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں