جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد میں آوارہ کتوں نے 2 معصوم بچوں سمیت 3 افراد کو کاٹ کر زخمی کردیا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد ضلع بھر میں آوارہ کتوں کی بہتات کی وجہ سے سگ گزیدگی کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے، جیکب آباد کے علاقے باہو کھوسو میں آوارہ کتوں نے 2 معصوم بچوں 8 سالہ ماریہ اور 10 سالہ علی خان سمیت 35 سالہ شخص کو کاٹ کر زخمی کردیا ہے، کتوں کے کاٹنے سے زخمی ہونے والوں کو مقامی بیسک ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا جہاں ویکسین موجود نہ ہونے پر انہیں سول اسپتال جیکب آباد منتقل کیا گیا، جیکب آباد ضلع میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں بے پناہ اضافے پر لوگوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کے خلاف کتا مار مہم شروع کی جائے اور عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
