عیدالاضحی کے موقع پر قصابوں کی چاندی

Spread the love

جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد میں عیدالاضحی کے موقع پر قصابوں کی چاندی،قصابوں نے جانوروں کے ساتھ شہریوں کی بھی کھال اتار لی، موسمی اور اناڑی قصاب بھی سرگرم رہے۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں عیدالاضحی کے موقع پر قصابوں نے قربانی کے جانوروں کے ساتھ ساتھ قربانی کرنے والوں کے لیے بھی اپنی چھریاں تیز کردی تھی اورقصابوں نے قربانی کے جانور کے ساتھ شہریوں کی بھی کھال اتاری،قصابوں نے بیل و گائے کے 8سے 10ہزار جبکہ بکرے کے 2سے 3ہزار روپے تک وصول کئے اکثر قصاب مزدوری کے ساتھ ساتھ سری پائے اور کھال بھی ساتھ لے گئے، عید کے موقع پر ماہر قصابوں کے نخروں اور بھاری رقم کی وصولی کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑاجبکہ ماہر قصابوں نے جانوروں کے ساتھ شہریوں کی جیبوں پر بھی چھریاں چلائی اور مزدوری کے ساتھ عیدی بھی وصولی کی، شہر میں ماہر قصابوں کی کمی کی وجہ سے اکثر شہریوں کا پالا موسمی اور اناڑی قصابوں سے بھی پڑا عام دنوں میں ریڑھی اور دیگر کاروبار کرنے والے حضرات بھی عید کے موقع پر چھریاں اٹھا ئے قصاب بنے ہوئے نظر آئے،شہریوں کاکہنا تھا کہ قصابوں کی کمی اور زیادہ قیمت وصول کرنے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ادھر شہر میں سب سے زیادہ اجتماعی قربانی فیضان مدینہ میں کی گئی جہاں 64بیل ذبح کئے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں