سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے شہریوں میں ہیلمٹ تقسیم۔

Spread the love

شہر میں جاری کاروائیوں اور آگاہی مہمات کے باعث شہریوں نے ہیلمٹ کا استعمال شروع کردیا ہے۔چیف ٹریفک آفیسر

ہیلمٹ کے استعمال سے حادثے کی صورت میں جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی میڈیا سے گفتگو

پشاور(نمائندہ وصال احمد)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے شاہین سوسائٹی کے تعاون سے درجنوں شہریوں میں ہیلمٹ تقسیم کئے۔ تفصیلات کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے شاہین سوسائٹی کے تعاون سے صوبائی اسمبلی کے سامنے موٹر سائیکل پر راہ چلتے شہریوں ہیلمٹ تقسیم کئے۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت شاہین سوسائٹی کے چیئرمین داؤد خلیل اور سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیم اور دیگر ٹریفک حکام بھی موجود تھے۔ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیم نے شہریوں کو موٹر سائیکل پر سفر کرتے وقت ہیلمٹ کے استعمال بارے آگاہی دی اور اس سے جانی نقصان سے بچنے بارے فوائد بیان کئے جبکہ شہریوں میں روڈ سیفٹی سے متعلق باقاعدہ پمفلٹس بھی تقسیم کئے۔چیف ٹریفک آفیسر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ٹریفک قوانین بارے آگاہی دینا سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری موٹر سائیکل پر سفر کرتے وقت ہیلمٹ کا استعمال ضرور کریں کیونکہ اس کے استعمال سے جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اکثر اوقات بغیر ہیلمٹ سفر کرنیوالے افراد حادثے کی صورت میں ہیڈ انجری کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں جس کو مد نظر رکھتے ہوئے سٹی ٹریفک پولیس پشاور بلا تعطل کے آگاہی مہمات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئی ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے کی جانیوالی کاروائیوں اور آگاہی مہمات کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد نے ہیلمٹ کا استعمال شروع کردیا ہے کیونکہ ہیلمٹ استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر قانون کے مطابق کارروائیاں جاری ہیں اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی پی اور سی سی پی او پشاور کے احکامات کی روشنی میں ٹریفک حکام کو واضح ہدایات جاری کردیئے ہیں کہ ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنیوالوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے اور کوتاہی کے مرتکب افسران کے خلاف بھی سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں