جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاکفیل بیگ کیفی)جہلم اولڈ جی ٹی روڈ پرجگہ جگہ گہرے گڑھے،گڑھوں میں کیچڑ و بارشی پانی بھرجانے سے شہریوں سمیت موٹر سائیکل سواروں کو مشکلات کا سامنا، سول ہسپتال چوک میں سڑک زمین میں دھنس گئی، ایمبولنسسز سمیت دیگر گاڑیوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا، جگہ جگہ سے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار،شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات درپیش، تفصیلات کے مطابق اولڈ جی ٹی روڈ پر جگہ جگہ بننے والے گڑھوں کیوجہ سے چھوٹی گاڑیوں، موٹر سائیکل سواروں، چنگ چی رکشوں اور عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے، اس حوالے سے شہریوں نے اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اولڈ جی ٹی روڈکی حالت ابتر ہو چکی ہے، اولڈ جی ٹی روڈ پر سول ہسپتال، سکولز، کالجزاور شہر کے تمام سرکاری و تجارتی ادارے موجود ہیں سڑک میں بننے والے گڑھوں کیوجہ سے شہریوں کی قیمتی گاڑیاں کھٹارہ بنتی جارہی ہیں، ہسپتالوں میں آنے والی ایمبولینسسز اور مریضوں کو سڑک کی ٹوٹ پھوٹ کیوجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلی 3 سال کا عرصہ گزرجانے کے باوجود شہر کی سڑکوں کی بہتری کے لئے فنڈز کا اجراء نہیں کروا سکے اور انتظامیہ نے بھی اس حوالے سے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے، شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ، منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلی سمیت چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ اولڈ جی ٹی روڈ کی از سر نو تعمیر کروائی جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے
