پولیس شہداء کے بچوں اور لواحقین کی تقریب میں شرکت‘ چیف ٹریفک آفیسر کا استقبال‘ ٹریفک اہلکاروں نے گل پاشی کی۔
شہدائے پولیس کے لواحقین خود کو تنہا نہ سمجھیں پوری پولیس فورس انکے ساتھ ہے۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت
پشاور(نمائندہ وصال احمد)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام یوم شہداء کی مناسبت سے ٹریفک لائن باچا خان چوک میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے شہداء کے بچوں اور لواحقین کا استقبال کیا جبکہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں کی جانب سے شہداء کے بچوں پر گل پاشی کی گئی۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے شہداء کے لواحقین کو سلامی دی شہداء کے بچوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔ اس موقع پر ایس پی ٹریفک کینٹ امان اللہ اور ایس پی سٹی ٹریفک طاہر وزیر بھی موجود تھے ۔ پولیس شہداء کے لواحقین سے خطاب کے دوران چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا کہ یوم شہداء پولیس کے منانے کا مقصد شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنا اور ان کو یاد کرنا ہے کیونکہ یہ ہماری فورس کا اہم حصہ رہے ہیں اور انہوں نے وطن عزیز کے دفاع کو مضبوط کرنے اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قربانیاں دی ہیں شہدائے پولیس ہمارے اصل ہیروز ہیں جن کی قربانیوں کی بدولت آج مملکت خداداد میں امن قائم ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیاں سب سے زیادہ ہیں جس کا ثبوت آئی جی رینک سے لے کر کانسٹیبل تک پولیس افسران و اہلکاروں کی شہادت ہے جنہوں نے دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن پر جنگ لڑی اور سب سے زیادہ شہادتیں پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے پولیس کے لواحقین خود کو کسی طور پر بھی تنہا نہ سمجھیں پوری پولیس فورس ان کے ساتھ ہر خوشی اور غم کے موقع پر کھڑی ہے کیونکہ انہوں نے اپنے لخت جگر وطن عزیز کیلئے قربان کیے ہیں جن کی قربانی کسی طور پر بھی رائیگاں نہیں جانے دی جائیگی اور نہ ہی ان کو بھلایا جائیگا کیونکہ جو قومیں اپنے شہیدوں کو بھول جاتی ہیں وہ دنیا کی تاریخ سے مٹ جاتی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر پولیس شہداء کے بچوں میں شیلڈز اور تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔
