ملاقات میں دونوں کے درمیان ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر خصوصی بات چیت ہوئی۔
اسلام آباد(نمائندہ امبرین بلوچ)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء و مرکزی نائب صدر اور منتظم مرکزی سیکرٹریٹ زاہد حسین کاظمی نے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے خصوصی انفرادی ملاقات کی اور ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر گفتگو کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ھاری تفصیلات کے مطابق ایوانِ صدر میں ہونے والی اس خصوصی ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف کو ملنے والی تاریخی کامیابی پر اظہارِ اطمینان کیا گیا اور اسے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کی اصلاحات اور عمدہ کارکردگی پر قوم کے بھرپور اعتماد کا اظہار قرار دیا گیا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جامع حکمت عملی کے باعث معیشت بحرانی کیفیت سے نکل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور مقامی و عالمی سطح پر اس کی ساکھ تیزی سے بہتر ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ خارجہ حکمت عملی کے اعتبار سے پاکستان خطے میں امن و ترقی کیلئے نہایت متحرک کردار ادا کررہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے وباء کے تباہ کن اثرات سے قوم کو بچانے کیلئے متاثر کن کردار ادا کیا ہے جس میں اقوام عالم کیلئے سیکھنے کیلئے بہت کچھ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غربت کے خاتمے، ماحولیات کے تحفظ اور کمشیر و فلسطین جیسے مسائل کے پر امن حل کے ساتھ پاکستان نے بقائے انسانیت کا روڈ میپ دنیا کو فراہم کیا ہے۔وہ وقت دور نہیں جب پاکستان معاشی طور پر خود کفالت اور خود انحصاری کا مقام حاصل کرے گا اور صحیح معنوں میں ایک فلاحی مملکت کے طور پر اقوام عالم میں نمایاں ہوگا۔اپنی گفتگو میں مرکزی نائب صدر زاہد حسین کاظمی نے آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات میں کامیابی پر ڈاکٹر عارف علوی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں منصفانہ اور شفاف انتخابات اور عوامی فیصلے سے یہ ثابت ہو گیا کہ وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں کو عوامی تائید حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کا مقدمہ سفیر کشمیر وزیراعظم عمران خان دنیا بھر میں بھرپور انداز میں لڑ رہے ہیں اور آج دنیا کو معلوم ہو چکا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کا حل لازم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت سے شروع ہونے والی کرونا کی چھوتھی لہر سے بچاؤ کے لئے پاکستان میں ٹھوس اقدامات اٹھانے ہوں گے تاکہ عوام کا اس سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کرونا وبا کی اس چھوتھی لہر پر بھی قابو پا لیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ ملکی معشیت کو سنبھالنے کے لئے موجودہ حکومت کوشاں ہے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا رہا ہے، مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے حکومت سخت اقدامات اٹھا رہی ہے جس کے دوررس نتائج حاصل ہوں گے۔ شاہد حسین کاظمی نے ایوانِ صدر میں خیرمقدم پر صدرِ مملکت کا شکریہ ادا کیا۔
