وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل کے صدر اور سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو مقبوضہ جموں کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا۔
اسلام آباد(نمائندہ امبرین بلوچ)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا سلامتی کونسل کے صدر اور سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو خط وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں یک طرفہ اور غیرقانونی بھارتی اقدامات کو دو سال ہونے پر خط لکھا ہے۔ انہوں نے سلامتی کونسل کے صدر اور سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو مقبوضہ جموں وکشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا وزیر خارجہ نے اپنے خط میں بیان کیا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنے نوآبادیاتی غیرقانونی قبضے کو مستحکم بنانے کے لئے 5 اگست 2019 کے اقدامات کئے۔ مقبوضہ خطے کی جغرافیائی اور انتخابی حدود میں ردوبدل کے لئے بھارت نے غیرقانونی اقدامات کئے۔ ان غیرقانونی بھارتی اقدامات کا مقصد مقبوضہ خطے میں کشمیریوں کو آزادی کے حق سے محروم کرنا ہے۔ بھارت ان غیرقانونی اقدامات اور جبر واستبداد سے کشمیریوں کو دبانا اور ان کے استصواب رائے کے حق کو چھیننا چاہتا ہے۔ 5 اگست 2019 اور اس کے تحت تمام بھارتی غیرقانونی، یک طرفہ اقدامات کو مسترد کرتے ہیں۔ بھارت نے ان اقدامات کے ذریعے عالمی قانون، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں، چوتھے جینیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی کی۔ بھارت کے 5 اگست 2019کے تمام اقدامات قانون کی نظر میں قطعی غلط اور کالعدم ہیں۔کشمیریوں کو کچلنے کے لئے 9 لاکھ بھارتی فوج مقبوضہ خطے میں تعینات کی گئی ہے۔ بھارت نے 15 ہزار سے زائد کشمیری نوجوانوں کو غیرقانونی طورپر قید کررکھا ہے۔ مقبوضہ وادی میں ماورائے عدالت شہادتوں کا سلسلہ کئی گنا بڑھ چکا ہے۔پر امن احتجاج کرنے والوں کے خلاف پیلٹ گنز سمیت ریاستی طاقت کا بہیمانہ استعمال معمول بن چکا ہے۔ مقبوضہ خطے میں لوگوں کے گھر مسمار اور تباہ کرکے کشمیریوں کو اجتماعی سزا دینا عام ہے۔بھارت پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کی سرپرستی اور ان کی مالی معاونت میں ملوث ہے۔ حال ہی میں لاہور میں بم دھماکہ اسی سلسلے کی کڑی ہے. سلامتی کونسل بھارت کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی اور تخریبی سرگرمیوں سے روکے. تنازعہ جموں وکشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کیاجائے. نتیجہ خیز بات چیت اور روابط کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنا بھارت کی ذمہ داری ہے. بھارت 5 اگست 2019کے یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات واپس لے. مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کے غیر قانونی اقدامات واپس لئے جائیں. مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فی الفور روکی جائیں. سلامتی کونسل بھارت سے ان اقدامات پر عمل درآمد کا مطالبہ کرے. سلامتی کونسل کشمیریوں سے حق خودارادیت کے وعدے کو پورا کرے۔
