جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد میں تیز رفتار ویگن اور موٹر سائیکل میں تصادم، بلوچستان کا رہائشی نوجوان فوت ماں زخمی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے صدر تھانہ کی حدود قومی شاہراہ پر قریشی پیٹرول پمپ کے مقام پر تیز رفتار ویگن اور موٹر سائیکل میں تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار بلوچستان کے علاقے قیدی شاخ کے گاؤں امیر بخش نندوانی کا رہائشی 28 سالہ نوجوان سمندر نندوانی فوت ہوگیا جبکہ اس کی ماں ناز بی بی زخمی ہوگئی، اطلاع پر حدود کی پولیس نے پہنچ کر لاش اور زخمی کو سول اسپتال منتقل کیا، زخمی ہونے والے صعیف خاتون ناز بی بی نے بتایا کہ بیٹے کے ساتھ احساس کارڈ حاصل کرنے کے لیے جیکب آباد آرہے تھے کہ تیز رفتار ویگن نے ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں میرا نوجوان بیٹا فوت ہوگیا، پولیس کے مطابق ویگن کا ڈرائیور ویگن سمیت فرار ہوگیا ہے تلاش جاری ہے جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
