جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد میں 21 سال سے قائم نیشنل بوک فاؤنڈیشن کا ادارہ ضلع انتظامیہ نے بند کرادیا، شہریوں کا احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں 21 سال سے قائم نیشنل بوک فاؤنڈیشن کا ادارہ بند کردیا گیا ہے اورسامان لاڑکانہ اور سکھر شفٹ کردیا گیا ہے، معلوم ہوا ہے کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے ڈی سی چوک پر قائم نیشنل بوک فاؤنڈیشن کوعمارت خالی کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ایسے احکامات ھلال احمر کے سیکریٹری کی طرف سے جاری کئے گئے تھے جس کے بعد نیشنل بوک فاؤنڈیشن کے حکام نے جیکب آباد میں قائم اپنے ادارے کو بند کردیا اور کتب سمیت دیگر سامان ٹرکوں کے ذریعے لاڑکانہ اور سکھر منتقل کردیا گیا ہے، جیکب آباد میں قائم نیشنل بوک فاؤنڈیشن کا ادارہ بند ہونے پر شہریوں خصوصاً طلبہ میں سخت غم وغصہ کی لہر پائی جارہی ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ نیشنل بوک فاؤنڈیشن سے نوجوانوں کو آدھی قیمت میں اعلیٰ کتابیں ملتی تھی لیکن ضلع انتظامیہ نے نیشنل بوک فاؤنڈیشن کی عمارت پر قبضے کے لیے اسے عمارت خالی کرانے کے احکامات جاری کئے جس پر ادارہ ہی بند ہوگیا، شہریوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے ایک تعلیمی ادارے کو بند کرانا افسوسناک عمل ہے،انہوں نے کہا کہ نیشنل بوک فاؤنڈیشن کی بندش کے خلاف سندھ حکومت کو لکھا گیا لیکن سندھ حکومت نے اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا جس کی وجہ سے طلبہ ایک بہترین ادارے سے محروم ہوگئے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ فلفور نیشنل بوک فاؤنڈیشن کو عمارت واپس کی جائے اور ادارے کو واپس کرایا جائے، دوسری جانب نیشنل بوک فاؤنڈیشن جیکب آباد برانچ کے انچارج محمد علی ناریجو نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ہمارے پاس ہر ماہ ایک ہزار سے زائد طلبہ آدھی قیمت اور اس سے بھی زیادہ کم قیمت میں کتابیں خریدتے تھے جن سے ان کو فائدہ ہوتا تھا اب ادارہ بند ہونے سے طلبہ کو شدیدمشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا،انہوں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ کو ہم ہر ماہ عمارت کا کرایہ ادا کرتے تھے لیکن اس کے باوجود انہوں نے عمارت خالی کرنے کا نوٹس دیا جس پر ہمارے اعلیٰ حکام نے جیکب آباد کی برانچ کو بند کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد سامان سکھر اور لاڑکانہ بھیج دیا ہے۔
