جیکب آباد(نامہ نگار) جے یو آئی کا بڑھتی ہوئی بدامنی اور پولیس ذیادتیوں کے خلاف مظاہرہ اور دھرنا۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام کی جانب سے ضلع میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور پولیس ذیادتیوں کے خلاف ایک احتجاجی جلوس میر حسن برڑو، مولانا تاج محمد بھٹی، عبداللہ عباس نوناری، قاری عنایت اللہ مہر، عبدالرزاق بلوچ اور دیگر کی قیادت میں نکالا گیا، مظاہرین نے جلوس نکال کر ٹھل شہر میں مارچ کیا اور بدامنی و پولیس کی شہریوں کے ساتھ ذیادتیوں کے خلاف نعریبازی کی، مظاہرین نے ٹھل پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا جس کے باعث روڈ بلاک اور ٹریفک معطل ہوگئی، اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی بدامنی اور پولیس کی ذیادتیوں کے باعث عوام کا جینا محال ہوچکا ہے، چوری، لوٹ مار اور ڈکیتی کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں اور عوام غیر محفوظ ہے،انہوں نے کہا کہ پولیس ضلع میں امن امان قائم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلع بھر میں امن امان قائم کرکے شہریوں کے ساتھ پولیس کی ذیادتیوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔
