پولیس کا گرفتاری کے بعد ملزمان کو جعلی مقابلوں میں ”فل فرائی، ہاف فرائی“ کئے جانے کا انکشاف

Spread the love

جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد میں پولیس کا گرفتاری کے بعد ملزمان کو جعلی مقابلوں میں ”فل فرائی، ہاف فرائی“ کئے جانے کا انکشاف، چند ماہ کے دوران 3افراد کو فل فرائی جبکہ 7 ملزمان کو ہاف فرائی کیا گیا، پولیس کے مبینہ مقابلوں میں زخمی ”ہاف فرائی” کئے جانے والے تمام ملزمان کو دائیں ٹانگ میں ایک ہی جگہ گولی ماری گئی۔تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں موجودہ ایس ایس پی شمائل ریاض ملک کی مقرری کے بعد گرفتار کئے گئے ملزمان کو ماورائے عدالت جعلی مقابلوں میں ”فل فرائی، ہاف فرائی“ کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے اور چند ماہ کے دوران پولیس کی جانب سے 3افراد کو فل فرائی جبکہ 7 ملزمان کو ہاف فرائی کیا جاچکا ہے، معلوم ہوا ہے کہ ایس ایس پی جیکب آباد کے احکامات پر مختلف مقدمات میں مطلوب ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد ان کو دائیں ٹانگ میں ایک ہی جگہ گولی مار کر زخمی کردیا جاتا ہے جس کو بعد میں پولیس مقابلہ ظاہر کردیا جاتا ہے، موجودہ ایس ایس پی شمائل ریاض ملک کی مقرری کے بعد جیکب آباد ضلع میں ”فل فرائی، ہاف فرائی“ کے کیسز میں اضافہ ہوگیا ہے، گذشتہ روز جیکب آباد کے صدر تھانہ کی پولیس نے بھٹی لاڑو کے قریب مختلف مقدمات میں مطلوب بلوچستان کے علاقے اوستہ محمد کے رہائشی ایک ملزم عبدالحکیم برڑو کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 1 شارٹ گن، 1 موٹر سائیکل اور اڑھائی کلو چرس برآمدکرنے کا دعویٰ کیا ہے، علاوہ ازیں دو ماہ قبل صدر تھانہ کی حدود مٹھو ریلوے پھاٹک کے قریب مختلف مقدمات میں مطلوب ایک ملزم کو نور حسن عرف موروو گولو کو مبینہ پولیس مقابلے میں زخمی کیا گیا جو بعد میں زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا تھا جبکہ 22مئی 2021کو سول لائن تھانہ کی حدود پیچوہا پھاٹک کے مقام پر موٹر سائیکل نہ روکنے پر پولیس نے فائرنگ کرکے جکھرانی برادری کے 2افراد بختیار جکھرانی اور محمد شیر جکھرانی کو مقابلے کے بعد مارنے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ پولیس کی فائرنگ سے مارے جانے والے افراد کے ورثہ نے فل فرائی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، ایک اور کاروائی میں مولاداد تھانہ کی حدود گاؤں مرزا بروہی ناوڑا کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم دھنی بخش ٹوکانی جکھرانی کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا، تھانہ میرانپور برڑو کی حدود جعفرآباد پل کے قریب پولیس نے مبینہ مقابلے میں 13 سے زائد مقدمات میں مطلوب ایک ملزم پنھل عرف پنھوں عرف وچھوں عرف سچل عرف بچل بھیوسکنہ کندکوٹ کشمور کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 1 ٹی ٹی پستول، 3 کلو گرام منشیات چرس اور 1 موٹرسائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا، اس کے علاوہ صدر تھانہ کی حدود جیلانی ٹاؤن کے قریب پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ملزم مولا بخش عرف ماسی ولد شیرل جکھرانی کو زخمی جبکہ دو ملزمان ایاز ولد دہنی بخش سبھایو اور ہدایت اللہ ولد حبیب اللہ سبھایو کو گرفتار کرلیا تھا، ایک اور مبینہ پولیس مقابلے میں تھانہ گڑہی خیرو کی حدود اللہ آباد میں پولیس نے مقابلے کے بعد دو ملزمان عبدالغفار ولد داد محمد چانڈیو اور حوران ولد سہراب کوسو کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا، علاوہ ازیں سٹی تھانہ کی حدود پتھر موڑ کے مقام پرپولیس نے ایک مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم ایاز علی لاشاری کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا تھا۔واضح رہے کہ ہاف فرائی اور فل فرائی وہ اصطلاح ہے جو آج کل سندھ میں بہت مشہور ہے جس کے تحت مختلف مقدمات میں مطلوب ملزمان کو پہلے گرفتارکیا جاتا ہے اور اس کے بعد ان کی ٹانگ پر گولی مار کر زخمی کرکے پولیس مقابلے کا نام دیدیا جاتا ہے ہاف فرائی کئے جانے والوں کو گھٹنوں یا ٹخنوں پر گولی مار کر زخمی کر دیا جاتا ہے تاکہ وہ بقایا تمام زندگی لنگڑاتے ہی رہیں، یہاں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ جعلی مقابلوں ”فل فرائی، ہاف فرائی“ کے لیے مخالفین پولیس کا سہارا لیتے ہیں اور پولیس پیسے لیکر مخالفین کے کہنے پر بے گناہ لوگوں کو جھوٹے مقدمات میں پھنسا کر گرفتار کرکے جعلی مقابلوں میں زخمی کردیتی ہے، یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پولیس کی جانب سے خفیہ کوڈ استعمال کرنے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ اہل کار ملزمان کو زخمی کرنے کے لیے ہاف فرائی اور مارنے کے لیے فل فرائی کا کوڈ استعمال کرتے ہیں انہوں نے بتایا تھا کہ جیل میں ایسے کئی قیدی دیکھے جن کے پاؤں پر گولیاں لگی تھیں ایسے انکشاف پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے برہمی کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ فل فرائی اور ہاف فرائی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہوگی، انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پولیس کو فل فرائی اور ہاف فرائی کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے، عدالتیں موجود ہیں وہ سزائیں دیں پولیس کو یہ اجازت نہیں ہے جو پولیس افسر ہاف یا فل فرائی میں ملوث ہوگا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر سماجی تنظیم کمیونٹی ڈولپمنٹ فاؤنڈیشن کے محمد جان اوڈھانو نے کہا کہ جعلی مقابلوں میں فل فرائی، ہاف فرائی کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے کسی کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ اپنی عدالت قائم کرکے کسی کو سزا دے کسی کو سزا دینے کا حق صرف عدالتوں کو ہے کہ وہ پاکستان کے قانون و آئین کے تحت کسی کو سزا دیں، ایسے واقعات قانونی و انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں، انہوں نے کہا کہ جعلی مقابلوں سے معاشرے پر منفی اثرات پڑتے ہیں جرم کو ختم کرنے کے لیے کسی کو قتل کرنا یا اس کو ہمیشہ کے لیے معذور کرنا کسی صورت درست نہیں، انہوں نے کہا کہ جرم کو قانون کے ذریعے ہی ختم کیا جاسکتا ہے جیل بھی سزا کے لیے نہیں بلکہ اصلاح کے لیے ہوتے ہین لیکن یہاں جیل کو اصلاح کے بجائے ٹارچر سیل بنادیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ جعلی مقابلے معاشرے میں بدلے، انتقام اور بغاوت کو جنم دیتے ہیں جن کو جعلی مقابلوں میں مارا جاتا ہے ان کے خاندان میں سے کوئی نہ کوئی اس کا بدلہ اور انتقام لینے کے لیے بندوق اٹھاتا ہے اورپھر وہ جرم کی دنیا میں داخل ہوجاتا ہے ھتیار استعمال کرنا کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ بغاوت کو جنم دیتا ہے اور جہاں بغاوت ہوگی وہاں قانون کی حکمرانی نہیں رہتی، انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی قائم کرکے ہی جعلی مقابلوں کو روکا جاسکتا ہے جب قانون کے محافظ ہی قانون کی خلاف ورزی کریں گے تو پھر یہاں جنگل کا قانون قائم ہوجائے گا جعلی مقابلے کرنے والوں کے خلاف قانون کو حرکت میں آنا ہوگا اور انہیں سزا دینا ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں