کوئٹہ:(سید شاہ زیب شاہ) محکمہء کھیل کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی سپورٹس فیسٹیول میں ملک و قوم کا نام روشن کرنے والے کھلاڑی اور کوچز یکسر انداز۔قومی کراٹے ٹیم کے ریکارڈ میڈلز جیتنے والے قوم کے سپوت قومی دن پر محکمہء کھیل کی جانب سے نظر اندازی پر برہم۔ پاکستانی کراٹے ٹیم کے کوچ آغا مینگل نے سپورٹس بورڈ سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی پرچم کئی مرتبہ دیار غیر میں لہرانے والے اپنے صوبے کے بورڈ کے رویے سے نالاں ہیں، محکمہء کھیل نے کئی غیر معروف و غیر رجسٹرڈ افراد اور 10 ، 12 افراد پر مشتمل کلبوں کو بھی ایونٹس دئیے پر دوسری جانب قومی سطح کے نامور کھلاڑی اور قومی کوچز گھر بیٹھے نا انصافیوں اور محکمے کی نااہلی پر سوگ منا رہے ہیں
انکا مزید کہنا تھا کہ ایسے کھیلوں کو پروموٹ کرنے کی سمجھ ہی نہیں آرہی جو نیشنل گیمز، ساؤتھ ایشین گیمز، ایشین گیمز اور اولمپکس گیمز کا حصہ ہی نہیں، پھر یہی لوگ کہتے نہیں تھکتے کہ عالمی سطح پر ہم بہت پیچھے ہیں، کوئی ان سے پوچھے قومی اور بین الاقوامی سطح کے کھیلوں میں نمائندگی اور رجسٹرڈ افراد کو نظر انداز کر کے محکمہ کے نا اہل کرتا دھرتا صرف اقربا پروری، سفارش کلچر اور احساس محرومی کو فروغ دے کر کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں،
سابق قومی کوچ سینسی آغا محمد مینگل نے سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ہم بلا لالچ و کسی فائدے کے کھلاڑی تیار کرتے ہیں جبکہ محکمے کا ناروا سلوک اور رویہ ہمارے کھلاڑیوں کو پستی کی جانب دھکیل دیتا ہے جو کہ قابل مذمت بات ہے
