جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد کا سینئر صحافی میر بھٹی کینسر کی بیماری کے باعث فوت، صحافیوں نے ضلع بھر میں 10 روز ہ سوگ کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی میر بھٹی کینسر کی بیماری میں مبتلا ہوکر گذشتہ روز 53 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، مرحوم صحافی کی نماز جنازہ میں صحافیوں، شہریوں، سیاسی سماجی تنظیموں کے رہنماؤں اور عزیز واقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی، مرحوم صحافی کو آبائی قبرستان میں سرد خاک کیا گیا، صحافیوں نے میر بھٹی کے انتقال پر ضلع بھر میں 10 روز سوگ کا اعلان کیا ہے، جیکب آباد کے صحافیوں عبدالرحمن آفریدی، زاہد حسین رند، عبدالغنی کھوسو، آصف علی بھٹی، خاوند بخش بھٹی، یوسف رند اور دیگر نے کہا کہ صحافی میر بھٹی جیکب آباد کی صحافت کا بڑا نام تھا وہ نڈر، بیباک اور ایماندار صحافی تھے جس نے ہمیشہ مظلوم عوام کی ترجمانی کی، انہوں نے کہا کہ میر بھٹی کی صحافتی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
