یوم آزادی پر ون ویلنگ اور پھٹے سائلنسر لگانے پر 422 افراد کیخلاف کارروائی

Spread the love

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائیگی جبکہ مرتکب افراد کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت

پشاور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے یوم آزادی کے موقع پر ون ویلنگ اور پھٹے سائلنسر لگانے پر 422 افراد کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکلیں ٹرمینل میں بند کردیں۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر ایجوکیشن ٹیمیں گزشتہ ہفتے سے ٹریفک قوانین اور خصوصی طور پر ون ویلنگ کے نقصانات اور پھٹے سائلنسر لگانے کے حوالے سے آگاہی دے رہی تھیں تاکہ یوم آزادی کے موقع پر کوئی واقعہ پیش نہ آئے۔ اس سلسلے میں ٹریفک عملے نے یوم آزادی کے موقع پر ون ویلنگ کرنے اور پھٹے سائلنسر لگانے پر 422 افراد کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکلیں ٹرمینل میں بند کردیں۔ واضح رہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے موٹر سائیکلوں سے ون ویلنگ کیلئے موٹر سائیکلوں میں لگائے جانیوالے چمٹے ہٹا دیئے ہیں جبکہ موٹر سائیکلوں کو منچلے جوانوں کے والدین کی جانب سے تحریری طور پر ضمانت حوالے کئے جائیں گے۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ ٹریفک حکام اور اہلکاروں کی جانب سے شہریوں کو آگاہی دینے کا مقصد ان کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کی کوشش ہے جس کو عملی طور پر جامہ پہنانے کیلئے یوم آزادی کے موقع پر خصوصی ٹریفک پلان تشکیل دیا گیا تھا جس کے تحت تمام سیکٹروں میں ٹریفک حکام اور اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ون ویلنگ کرنا اپنی زندگی سے کھیلنے کے مترادف ہے جس سے گریز کر کے اپنی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے اس قبیح عمل سے ماضی میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہونے سمیت ہنستے بستے گھر اجڑ چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائیگی جبکہ اس کے مرتکب افراد کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر نادرن بائی پاس پر کارروائیاں کی جاتی ہیں.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں