جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد میں یوم عاشور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، شہر بھر میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسین ؓ اور ان کے جانثاروں کی لازوال قربانیوں اور ان کی شہادت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یوم عاشور پر شہر کے مختلف علاقوں سے چھوٹے بڑے ماتمی جلوس برآمد ہوئے، ماتمی جلوسوں کے راستوں پر پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی کے انتظامات کئے گئے تھے اور جلوس کی گذر گاہوں کو خاردار تاریں لگاکر سیل کردیا گیا تھا جبکہ شہر بھر میں موبائل سروس بند کردی گئی تھی، جلوسوں کے راستوں پر پانی، دودھ اور شربت کی سبیلیں قائم کی گئیں اورنیاز کا بھی اہتمام کیا گیا تھا، شہر کے مختلف علاقوں سے برآمد ہونے والے ماتمی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے ڈی سی چوک پر پہنچے اور بعد میں پیر بخاری پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے، عاشور کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے فلسفہ شہادت اور کربلا کی عظیم قربانی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین ؓ اور ان کے جانثاروں نے اسلام کی بقا کے لیے قربانی دی آج بھی امت ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر بحرانوں سے نکل سکتی ہے۔
