اگلے ہفتے منعقدہ کورس میں کبڈی ریفریز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری بادشاہ گل لیکچر دینگے،کورس میںکالجز کی سپورٹس لیکچررز شریک ہونگی۔
پشاور(سپورٹس نیوز)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کبڈی فیڈریشن نے خیبر پختونخوا میں مردوں کیساتھ خواتین کبڈی کے فروغ کیلئے بھی موثر اقدامات اٹھانے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا،پہلے مرحلے میں خواتین کبڈی ریفری وکوچنگ کورس منعقد کیا جائیگا،اس کورس میں مختلف کالجز کی سپورٹس لیکچررز کو مدعو کرینگے، دوسرے مرحلے میں طالبات کو کوچنگ سمیت مقابلوں کا انعقاد بھی کیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا محمد سرور جو ورلڈ کبڈی فیڈریشن کے صدر بھی ہیں نے پشاور کے دورے کے موقع پر کھلاڑیوں و اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوںنے گورنمنٹ سٹی گرلز کالج گلبہار میں طالبات پر مشتمل کوچنگ کیمپ میں شریک کھلاڑیوں نے سے بھی ملاقات کی ۔اس موقع پر سٹی کالج کی ڈائریکٹر سپورٹس نجمہ ناز قاضی اور صوبائی کبڈی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سید سلطان بری اورمختلف خواتین کالجز کی سپورٹس لیکچررز بھی موجود تھیں۔رانا محمد سرور نے کہا کہ پشاور بلکہ پورے خیبر پختونخوا میں کبڈی کے حوالے سے مردوخواتین کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جنہیں سامنے لانے کیلئے بہتر اقدامات اٹھائینگے اور تعلیمی اداروں کی سطح پر خواتین کبڈی کے فروغ کیلئے مختلف کالجز کی سپورٹس لیکچررز کی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کرانے کیلئے ٹیکنیکل آفیشلز کورس کا انعقاد کیا جائیگا،جس میں پاکستان کبڈی ریفریز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری بادشاہ گل لیکچر دینگے،انہوں نے صوبائی کبڈی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سید سلطان شاہ بری کو سپورٹس ڈائریکٹریٹ اور ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے حکام سے رابطہ کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
