ٹریفک پولیس کی کارروائیاں‘ تجاوزات قائم کرنے پر 719 افراد پر جرمانے عائد

Spread the love

کینٹ سیکٹر بلور پلازے کے باہر‘ خوشحال بازار اور نمک منڈی میں نو پارکنگ زون کی خلاف ورزیوں پر 177 موٹر سائیکل مالکان پر جرمانے عائد۔

تجاوزات قائم کرنے کے مرتکب افراد کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت

پشاور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے تجاوزات مافیا کیخلاف کارروائیاں مزید تیز کرتے ہوئے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 719 افراد کو حراست میں لے کر ان پر جرمانے عائد کئے۔ تفصیلات کے مطابق سی سی پی او پشاور عباس احسن کی ہدایت پر چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی نگرانی میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں نے شہر بھر سے تجاوزات مافیا کو رضا کارانہ طور پر تجاوزات کے نقصانات بارے آگاہی دی تاہم تجاوزات مافیا کی جانب سے اس پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا تھا جس پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں کی جانب سے باچا خان چوک, حیات آباد, خوشحال بازاراور نمک منڈی روڈ پر کارروائیاں کی گئیں اور 719 افراد کو گرفتار کر کے ان پر جرمانے عائد کئے۔اسی طرح کینٹ سیکٹر میں بلور پلازے کے سامنے‘ خوشحال بازار اور نمک منڈی میں نو پارکنگ زون میں موٹر سائیکلیں کھڑی کرنے پر 177 موٹر سائیکل مالکان پر جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے تجاوزات مافیا کو پہلے نوٹسز جاری کرتی ہے جبکہ اس کے بعد آپریشن کر کے تجاوزات قائم کرنے کے مرتکب افراد کو حراست جبکہ سامان کو قبضے میں لیکر ٹرمینل منتقل کردیا جاتا ہے تاکہ مالکان پر جرمانے عائد کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ تجاوزات مافیا شہر کی خوبصورتی کا خاص خیال رکھتے ہوئے اپنے حدود سے تجاوز نہ کریں اور شہریوں کیلئے کسی قسم کے مشکلات پیدا کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات کی وجہ سے شہر کی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے مزید کہا کہ تجاوزات قائم کرنے کے مرتکب افراد کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائیگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں