گلگت ( مظہر علی مغل سے) ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن گلگت امیر تیمور نے کہا کہ خود ساختہ مہنگائی کے خلاف سخت کاروائی ہوگی دکاندار حضرات پرائس کنٹرول کمیٹی کے فیصلوں پر من وعن عملدرآمد کریں بصورت دیگر پرائس ایکٹ کے تحت سزائیں دیں گے میٹ انسپکٹر، فوڈ انسپکٹر اور سیکٹر مجسٹریٹس روزانہ کے بنیادوں پر کاروائیاں جاری رکھیں، انہوں نے جوٹیال کینٹ ایریا میں ریڑی بانوں پر پابندی یقینی بنانے کیلئے مجسٹریٹس کو سختی کے ساتھ مانیٹرنگ کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز میڈیا کیلئے جاری ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جوٹیال کینٹ ایریا میں ریڑھی بانوں پر پابندی کا مقصد حساس جگہوں میں امن و آمان کا برقرار رکھنا ہے ہمیں معلوم ہے اس فیصلے سے چھوٹے دکاندار ضرور متاثر ہوئے ہیں مگر امن و آمان کیلئے ہم کوئی رسک نہیں لے سکتے امید ہے عوام ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خود ساختہ مہنگائی اور گرانفروشوں کو ہر گز برداشت نہیں کرونگا، تاجر انجمنیں شہر میں گرانفروشی روکنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ معاشرے سے سماجی برائیوں کے خاتمے میں مدد مل سکے، واضح رہے اسسٹنٹ کمشنر و ایڈ منسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ گلگت و چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی گلگت امیرتیمور شہر میں خودساختہ مہنگائی، گرانفروشی، زائد المعیاد اشیائے خورنوش کی خریدو فروخت نا قص کھانے پینے کی اشیا کی خریدو فروخت پر مکمل پابندی عائد کررکھی ہے۔
