ابتدائی طبی امداد و بیسک لائف سپورٹ‘ ٹریفک کے جوانوں کیلئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

Spread the love

سٹی ٹریفک پولیس پشاور ٹریفک نظام رواں دواں رکھنے سمیت شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لئے کوشاں ہے۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خا مروت

پشاور(نمائندہ وصال احمد)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے جوانوں کو ابتدائی طبی امداد‘ بیسک لائف سپورٹ کی تربیت دینے کے لئے نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال و ریسرچ سنٹر میں ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت‘ ٹریفک افسران‘ سی ای او نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال و ریسرچ سنٹر ڈاکٹر ضیاء الرحمان اور دیگر ڈاکٹرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تربیتی ورکشاپ کے دوران نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال کے پیشہ ور طبی ماہرین کے عملے نے ٹریفک پولیس کے شرکاء کو ابتدائی طبی امداد، بیسک لائف سپورٹ کی تربیت بھی دی اور ساتھ ہی انہیں حادثات اور ہنگامی صورت میں زندگی بچانے کی مہارت سے آراستہ کیا۔مزید براں ٹریفک پولیس کے اوقات کار اور نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے انھیں متوازن غذا کے استعمال کے بارے میں معلومات فراہم کی گئی تاکہ انکی قوت مدافعت برقرار رہ سکے تاکہ وہ بہتر اور موثر طریقے سے اپنے فرائض انجام دے سکیں۔تربیتی ورکشاپ کے دوران کورونا وائرس جیسے وبائی امراض کے حوالے سے بھی تربیت دی گئی۔ تربیتی ورکشاپ کے دوران شرکاء کو ایسے حالات میں خود کو محفوظ ر کھنے، سماجی فاصلہ برقرار رکھنے، ماسک اور گلوز کو استعمال کرنے کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال و ریسرچ سنٹر ڈاکٹر ضیاء الرحمان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور ٹریفک نظام رواں دواں رکھنے سمیت شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لئے کوشاں ہے اس سلسلے میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے وبائی صورتحال میں باقاعدہ کورونا وائرس کے حوالے سے آگاہی دینے سمیت ان میں ماسکس اور سینی ٹائزرز تقسیم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور ایسے تربیتی ورکشاپس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور امید کرتے ہیں کہ نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال و ریسرچ سنٹر مستقبل میں بھی اس طرح کے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کرے گی۔ اس موقع پر سی ای او ڈاکٹر ضیاء الرحمان نے کہا کہ نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال ایک صحت مند اور محفوظ پاکستان دیکھنے کا خواہش مند ہے اور سماجی ترقی اور انسان دوست منصوبوں کے ذریعے اس مقصد کیلئے فعال طور پر گامزن ہے۔پاکستان کے لیے ٹریفک پولیس کی خدمات بیش بہا ہیں کیونکہ وہ 24گھنٹے قانون کی بالادستی اور سڑکوں پر عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔ نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال ان گمنام اور پس پردہ ہیرو کی عظمت کو سلام پیش کرتی ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ ٹریفک پولیس دوسروں کی نسبت زیادہ خطروں کا سامنا کرتی ہے۔ تربیتی ورکشاپ کے اختتام پر چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت اور سی ای او نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال و ریسرچ سنٹر نے ایک دوسرے کو اداروں کی جانب سے شیلڈز بھی پیش کئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں