جیکب آباد(نامہ نگار)جیکب آباد میں بلدیہ کی غفلت کی وجہ سے شہر کے راستے تالاب بن گئے، طارق روڈ اور شاہ غازی محلہ کے مکین پریشان، کاروبار متاثر پیدل چلنا محال ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں بلدیہ کی غفلت کی وجہ سے شہر کے گلی محلے سیوریج کا تالاب بن گئے ہیں طارق روڈ اور شاہ غازی محلہ کی گلی میں ایک ہفتے سے سیوریج کا پانی روڈ پر جمع ہے شکایت کے باوجود بلدیہ عملہ صفائی کے لئے نہیں آیا جس کے باعث علاقہ مکین سخت پریشان ہیں، روڈ پر گندا پانی جمع ہونے کی وجہ سے لوگوں کا پیدل چلنا دشوار ہو گیا ہے اور کاروبار بھی شدید متاثر ہوا ہے علاقہ مکینوں نے بلدیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ گندگی کی وجہ سے علاقے میں بدبو پھیلی ہوئی ہے اور مچھروں کی بھی بہتات ہے امراض پھیلنے کا خدشہ ہے بلدیہ ایڈ منسٹریٹر اور سی ایم او نوٹس لیں۔
