حکومتی احکامات اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت
پشاور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے اڈوں کی بندش کے باوجود این سی او سی احکامات کی خلاف ورزی پر ٹرانسپورٹروں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے67 گاڑیاں ٹرمینل میں بند کردیں۔صوبائی حکومت کی ہدایت پر چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی نگرانی میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں نے ہفتہ کے روز کارروائیاں کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ اڈوں کی بندش کے باوجود این سی او سی کے احکامات کی خلاف ورزی اور لوکل گاڑیاں چلانے و اڈوں کے باہر سے سواریاں بٹھانے اور اتارنے پر 67 ٹرانسپورٹروں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے گاڑیاں ٹرمینل میں بند کردیں۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے افسران اور اہلکاروں کی جانب سے کی جانیوالی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اور این سی او سی احکامات پر عملدرآمد کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ وہ پشاور کے مقامی اور مسافر گاڑیوں میں بھی کورونا ایس او پیز اور سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے شہر بھر میں کورونا وباء سے بچاؤ کے بارے میں آگاہی مہم کا سلسلہ جاری ہے اور اسی طرح سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے ماسک اور سینی ٹائزرز تقسیم کرنے کا بھی سلسلہ جاری ہے۔
