ساہیوال (چوہدری محمد آ صف ندیم )سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نورالامین مینگل کا دورہ ساہیوال۔ کمشنر آفس میں انٹرمیڈیٹ سٹی امپرومنٹ پراجیکٹ کے تحت جاری منصوبوں پر کام کا تفصیلی جائزہ۔ ترقیاتی کاموں کی سست روری پر اظہار تشویش۔ تمام ٹھیکہ دار دن کی بجائے رات کے اوقات میں کام کریں تاکہ شہری متاثر نہ ہو اور کام تیزی سے ھو سکے۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نورالامین مینگل نے شہر میں جاری انٹر میڈیٹ سٹی امپرومنٹ پراجیکٹ کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے لئے شہر کاتفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے کمشنر آفس میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں انہیں پروگرام ڈائریکٹر اختر محمود عباسی نے بریفنگ دی۔ کمشنر علی بہادر قاضی، ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، چیف میٹروپولیٹن آفیسر فرمائش علی چوہدری، چیف آفیسر تحصیل کونسل شہزاد اقبال قریشی، ڈی جی پی ایچ اے محبوب احمد، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ملک وسیم سجاد، نیسپاک کے وائس پریزیڈنٹ محمد زبیر اور دوسرے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے منصوبے پر کام کی سست رفتاری پر تشویش کا اظہار کیااور تمام ٹھیکہ داروں کو ہدایت کی کہ وہ دن کی بجائے رات کو کام کریں تاکہ شہری آبادی بھی متاثر نہ ہو اور انہیں بھی کام میں بے جا رکاوٹ نہ پڑے۔ انہوں نے مین سیوریج بچھانے کے لئے محکمہ ہائی وے کی طرف سے این او سی 3روز میں جاری کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے گرین وژن کے تحت منصوبے کے دوران درختوں کو کٹنے سے ہر ممکن بچایا جائے گا جس کے لئے واضع ہدایات دی جا چکی ہیں۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نورالامین مینگل نے کام کے دوران اٹھنے والے مسائل کے فوری حل کے لئے ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ کی صدارت میں ایک ٹیکنیکل کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا جس میں پراجیکٹ سے متعلقہ افسران کے علاوہ ضلعی محکموں کے سربراہان بھی شامل ہونگے۔ انہوں نے واضع ہدایت کی کہ سیوریج لائنوں کی تنصیف کے بعد سڑکوں کو ان کی اصل حالت میں بحال کیا جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے میٹروپولیٹن کارپوریشن اور تحصیل کونسل میں سٹاف کی کمی دور کرنے کے احکامات بھی جاری کئے جس میں منصوبے کے تحت نئی ملنے والی گاڑیوں کے لئے مزید 36ڈرائیوروں کی بھرتی بھی شامل ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 15کروڑ روپے سے تعمیر ہونے والے 3نئے پارک ایک ہفتے میں پی ایچ اے کے حوالے کر دئے جائیں گے تاکہ انہیں عوام کے لے کھولا جا سکے۔ اجلاس کے بعد انہوں نے کمشنر آفس کے لان میں ’طبوبیہ‘ کا پودا بھی لگایا جس کا اہتمام ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ملک وسیم سجاد نے کیا تھا۔ بعدازاں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نورالامین مینگل نے منصوبے کا معائنہ کرنے کے لئے شہر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور حائل رکاوٹوں کو جلد دور کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے ریذیڈنٹ انجنئیرکو اولڈ ہڑپہ روڈ کو 2ہفتوں کے اندر بحال کرکے ٹریفک کے لئے کھولنے کی ہدایت کی جس کی وجہ سے علاقے عوام مشکلات کا شکار ہیں
