جیکب آباد(نامہ نگار)جمعیت علماء اسلام کے مرکزی نائب امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی نے کہا ہے کہ افغان طالبان نے طویل جدوجہد کے بعد امریکہ اور نیٹو فورسز کو افغانستان سے بھاگنے پر مجبور کیا طالبان کو افغانستان میں حکومت کرنے کا حق ہے پاکستان سب سے پہلے افغان طالبان کو تسلیم کرے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد بحال ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے درگاہ ہالیجوی شریف میں جے یو آئی جیکب آباد کے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، وفد میں مولانا عبدالمنان ہالیجوی، مولانا عبد الحئی ہالیجوی، ضلعی فنانس سیکریٹری حاجی محمد عباس بنگلانی، تعلقہ امیر مولانا عبدالجبار رند،بقا محمد چھجن اور دیگر بھی موجود تھے۔مولانا عبدالقیوم ہالیجوی نے مزید کہا ہے کہ افغان طالبان نے اپنے وطن کی آزادی کے لیے بیس سالہ طویل جدوجہد کی اور لاکھوں مجاہدین کے خون کی قربانی کے بعد انٹر نیشنل دہشت گرد اور ان کے اتحادی نیٹو افواج کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پڑوسی ہونے کے ناطے سب سے پہلے طالبان کی حکومت کو تسلیم کر کے ایک دوسرے پر مزید اعتماد بحال کریں، طالبان انکلوسو حکومت قائم کرکے پوری دنیا سے روابط رکھنا چاہتے ہیں اور اسلام کے دیئے ہوئے عورتوں کو حقوق پر عمل پیرا ہیں اسلام نے عورت اور انسانیت کی عزت اور شان اور شوکت برقرار رکھا ہے اسلام سے زیادہ کوئی بھی خواتین اور انسانیت کو بلند مقام عطا نہیں کرسکتاانہوں نے کہا کہ پیٹرولیم، بجلی اور دیگر اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافہ اس حکومت کو لے ڈوبے گا۔
