جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد کے ایس ایس پی نے اپنے سرکاری دفتر کو عام شہریوں کے لیے بند کردیا، مسائل لیکر جانے والے شہریوں کو دھکے دیکر نکال دیا گیا،ویڈیو منظر عام پر گئی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے ایس ایس پی شمائل ریاض ملک نے اپنے سرکاری دفتر کو عام شہریوں کے لیے بند کردیا ہے، مسائل اور شکایات لیکر جانے والے شہریوں کو گھنٹوں گھنٹوں انتظار کرانے کے بعد بغیر ملاقات کے واپس کردیا جاتا ہے، گذشتہ روز کچھ شہری اپنے مسائل لیکر ایس ایس پی سے ملاقات کے لیے دفتر گئے تو وہاں ایس ایس پی آفیس کے اسٹاف نے انہیں دھکے دیکر نکال دیا، ایس ایس پی آفیس کے اسٹاف کی طرف سے شہریوں کو دھکے دیکر نکالنے کی ویڈیو بھی منظر عام آگئی ہے، شہریوں نے ایس ایس پی کے ایسے رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسائل اور شکایات لیکر جانے والے شہریوں کو وہاں موجود اسٹاف ایس ایس پی کے کہنے پر دھکے دیکر نکال دیتا ہے اور ملاقات نہیں کرائی جاتی انہوں نے کہا کہ سرکاری دفتر عوام کے لیے ہوتے ہیں لیکن یہاں عوام سے ملاقات تک نہیں کی جارہی جبکہ بااثر وڈیرے لوگ سارا دن ایس ایس پی کے ساتھ گپ شپ میں مصروف ہوتے ہیں، شہریوں نے مطالبہ کیا کہ عوام سے بدسلوکی کرنے والے ایس ایس پی کو فلفور ہٹایا جائے۔
