وزیراعلی پنجاب کے ویژن اور صوبائی وزیر ثقافت کی ہدایات کی روشنی میں مختلف تقریبات کو مرتب کیا گیا

Spread the love

ساہیوال چوہدری محمد آ صف ندیم .ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے ساہیوال آرٹس کونسل کی تین سالہ کارکردگی رپورٹ میں بتایا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کے وژن اور صوبائی وزیر ثقافت کی ہدایات کی روشنی میں مختلف تقریبات کو مرتب کیا گیا اور آرٹس کونسل کے ذریعے ساہیوال ڈویژن کا خوبصورت اور ثقافتی چہرہ دنیا بھر کے سامنے لایا گیا۔ ڈاکٹرسید ریاض ہمدانی نے بتایا کہ یہ اعزاز صرف ساہیوال آرٹس کونسل کے پاس ہے کہ اس ثقافتی ادارے نے ادب و ثقافت اور پاکستانیت کے حوالے سے دو کتب شائع کی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مجید امجد اور گرین پاکستان کے حوالے سے تین دستاویزی فلمیں بنا کر ساہیوال آرٹس کونسل نے منفرد کام کیا اس کے علاوہ خطہ ساہیوال کو نمایاں کرنے کے لئے دو عالمی ادبی و ثقافتی کانفرنسوں کے انعقاد کے علاوہ علامہ اقبال عالمی کانفرنس کا بھی انعقاد کیا گیا ہے۔ آرٹس کونسل ساہیوال کے زیر سایہ گزشتہ ماہ ہڑپہ کی کھدائی کے صد سالہ جشن کے سلسلے میں ‘ ہڑپائی تہذیب کی ثقافتی و فکری میراث ‘ کے موضوع پر آن لائن عالمی کانفرنس کا شہرہ تاحال علمی حلقوں میں قائم ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب کی ثقافت کو نوجوان نسل میں منتقل کرنے اور اسے فروغ دینے میں آرٹس کونسل ساہیوال کا بہت اہم کردار ہے اس کے علاوہ پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ کے ذریعے نوجوان نسل کی پوشیدہ صلاحیتوں کو سامنے لایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مقامی کلچر کی حفاظت اور ترویج و ترقی میں خاص دلچسپی ظاہر کی اور ایسے ثقافتی مظاہر کو نمایاں کیا جس کی وجہ سے پنجاب کا ہر فرد اپنی ثقافت پر فخر محسوس کرتا ہے اور اس مقصد کے لئے ہر سال14 مارچ کو پنجاب کلچر ڈے منانے کا عمل منفرد اور مثالی کام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں ایک خاص تاریخ پر ثقافتی دیہاڑ منانے کے ساتھ ساتھ بلوچ کلچر ڈے منانے سے صوبوں اور لوگوں میں ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینا احسن عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل ساہیوال اپنے پلیٹ فارم پر ہر مکتبہ فکر کو علمی، ادبی اور ثقافتی مواقع فراہم کر رہا ہے تاکہ دنیا کو پاکستان کا معتدل اور خوبصورت چہرہ دکھا سکیں اور اس مقصد کے لئے پنجاب بھر کی آرٹس کونسلز کو متحرک کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آرٹس کونسل کے اسٹیج پر سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے علاوہ دینی مدارس اور بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو بھی پرفارم کرنے کے مواقع دیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آرٹس کونسل ساہیوال نے سانجھ، محبت اور رواداری کی روایات کو فروغ دے کر انتہا پسندانہ سوچ کو مات دینے کی کامیاب اور عملی کوشش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں