جیکب آباد شہر کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار

Spread the love

جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد شہر کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، دھول اڑنے کے باعث شہری سانس، آنکھوں اور الرجی کی بیماریوں میں مبتلا ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد شہر میں کئی سالوں سے سڑکوں کی مرمت نہیں کی گئی جس کی وجہ سے شہر کی اہم ترین سڑکیں جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکی ہے جس سے ٹریفک کی آمد و رفت میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور حادثات معمول بن گئے ہیں، شہر کی اہم اور مصروف ترین سڑکیں کوئٹہ روڈ، قائد اعظم روڈ، سٹی تھانہ روڈ، افضل خان کھوسو روڈ، شکارپور ناکہ روڈ سمیت شہر کی تقریباً تمام ہی چھوٹی بڑی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں بعض شاہراہوں پر تو کئی کئی فٹ گہرے گڑھے پڑے ہوئے ہیں اس صورتحال کے باعث ٹریفک جام اور ٹریفک حادثات معمول بنتے جارہے ہیں بلکہ اسکول اور دفاتر کے لیے گھر سے نکلنے والوں کو بھی اپنی منزل پر پہنچنے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑرہا ہے شہر کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی کے وقت دھول اُڑنے سے شہری سانس، آنکھوں اور الرجی کی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوچکے ہیں، اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر پی ایم اے کے رہنما اور شہری اتحاد جیکب آباد کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا کہ سڑکوں سے اُڑنے والی دھول مٹی کی وجہ سے شہری سانس آنکھوں اور الرجی کی بیماری میں مبتلا ہورہے ہیں، انہوں نے کہا کہ شہری دھول سے بچنے کے لیے ماسک کا استعمال کریں تاکہ وہ دھول سے ہونے والی بیماریوں سے بچ سکیں، انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ سڑکوں کی مرمت کریں اور شہر میں صفائی کا نظام بہتر کریں اور شہریوں کی مشکلات دور کی جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں