جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد میں 30 فیصد سے زائد بچے غذائی قلت کا شکار، محکمہ صحت نے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے،غذائی قلت کی وجہ سے بچے خطرناک بیماریوں کا شکار ہونے لگے۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد ضلع میں 5سال سے کم عمر 30فیصد سے زائد بچوں میں غذائی قلت کا انکشاف ہوا ہے، پی پی ایچ آئی حکام سے ملنے والی رپورٹ کے مطابق ضلع بھر میں 30فیصد بچے نامکمل نشوونما کا شکار ہیں جس کی وجہ سے بچے خطرناک بیماریوں میں بھی مبتلا ہورہے ہیں، پی پی ایچ آئی حکام سے ملنے والے اعداد وشمار کے مطابق ضلع بھر کی آبادی کا 13.5فیصد 5سال سے کم عمر بچوں کا ہے، جن کی تعداد ایک لاکھ 43ہزار 100ہے جن میں سے 30.5فیصد 43ہزار 645بچے غذائی قلت کا شکار ہیں، پی پی ایچ آئی حکام کے مطابق غذائی قلت کا شکار بچوں کی نشوونما کے لیے پی پی ایچ آئی ضلع بھر میں کام کررہی ہے، حاصل کردہ اعدادو شمار کے مطابق ضلع میں ہر 10میں سے 3بچوں کو غذائی قلت کے باعث نامکمل نشوونما جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے جبکہ خوراک کی کمی کی وجہ سے بچے خطرناک بیماریوں کا شکار ہوجاتے ہیں اورہر سال غذائی قلت کا شکار کئی بچے وفات کرجاتے ہیں، سماجی تنظیم کمیونٹی ڈولپمنٹ فاؤنڈیشن کے محمد جان اوڈھانو نے کہا کہ ضلع جیکب آباد میں غذائی قلت کا شکار بچوں کی تعداد تشویشناک حد تک پہنچ چکی ہے غربت اور مہنگائی کی وجہ سے بچے خوراک کی کمی کا شکار ہیں، انہوں نے کہا کہ بچوں کے ساتھ ساتھ ماں بھی غذائی قلت کا شکار ہے جس کا اثر بچوں پر پڑتا ہے خصوصاً منصوبہ بندی نہ کرنے کی وجہ سے ماں کمزور ہوجاتی ہے اور وہ اپنے بچے کو دودھ نہیں دے پاتی جس کی وجہ سے بچے خوراک کی کمی کا شکار ہوجاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ آج کے بچے ہمارے کل کا مستقبل ہیں لیکن افسوس یہ ہے کہ ہمارا مستقبل خوراک کی کمی جیسی سنگین صورتحال کا شکار ہے، انہوں نے کہا کہ جب تک بچوں کی غذا کے ساتھ ماؤں کی صحت اور خوراک پر توجہ نہیں دی جائے گی اس وقت تک نتائج بہتر نہیں ہوں گے، انہوں نے وفاقی اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ ماؤں اور بچوں کی صحت کے لیے خصوصی اقدامات کئے جائیں تاکہ ہمارا مستقبل صحت مند ہو اور ملک ترقی کرسکے۔
