جیکب آباد میں قرآن پاک کو شہید کرنا شرمناک عمل ہے

Spread the love

جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد میں قرآن پاک کو شہید کرنا شرمناک عمل ہے، اندرون سندھ میں ایک ماہ کے دوران قرآن پاک کو شہید کرنے کے 5واقعات ہونا ایک منظم سازش ہے ایسی سازش کو بے نقاب کرکے ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے، قرآن پاک کو شہید کرنے والے واقعات کے خلاف 6اکتوبر(آج) احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری نے جے یو آئی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جمعیت علماء اسلام جیکب آباد کا ایک اہم اجلاس تعلقہ جیکب آباد کے نائب امیر حماداللہ انصاری کی صدارت میں ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری کی رہائش گاہ جیکب آباد میں منعقد ہوا اجلاس ضلع امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، مولانا فدا احمد ڈول، حافظ میر محمد بنگلانی، حاجی محمد عباس بلوچ، ختم نبوت کے امیر مولانا تاج محمد چنا، جے ٹی آئی کے صدر تاج محمود امروٹی، امیر معاویہ بنگلانی، نوجوان اتحاد کے محمد موسیٰ مہر، نیاز احمد بلوچ، مولانا محمد امین جکھرانی، نور خان چھجن، قاری محمد شریف، چاکر خان جکھرانی، عمران علی بروہی، محمد ابراہیم برڑو سمیت شہریوں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر جیکب آباد شہر کے بھٹائی کالونی کی مسجد میں شرپسندوں کی جانب سے قرآن پاک کو جلانے والے واقعے کی شدید شدید مذمت کی گئی اور سخت احتجاج کیا گیا، اس موقع پر اجلاس سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیکب آباد اور شکارپور میں ایک ماہ کے دوران مختلف مقامات پر قرآن پاک کو شہید کرنے کے 5مختلف واقعات ہوئے ہیں جو ایک منظم سازش تحت کئے جارہا ہے انہوں نے کہاکہ ایسے واقعات مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کے لئے کرائے جارہے ہیں تاکہ ملک میں افراتفری پھیلائی جائے اور حالات کو خراب کیا جائے لیکن جمعیت علماء اسلام ایسی ہر سازش کو ناکام بنا دے گی، انہوں نے کہا کہ مسلسل قرآن پاک کو شہید کرنے کے واقعات کے باوجود انتظامیہ نے کوئی نوٹس نہیں لیا جس کی مذمت کرتے ہیں اس موقع پر اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ(آج) 6 اکتوبر دفتر جے یو آئی جیکب آباد سے ایک احتجاجی جلوس نکالا جائے گا جس میں تمام شہریوں اورمختلف تنظیموں کو شرکت کی اپیل کی گئی ہے، اجلاس میں انتظامیہ کو خبردار کیا گیا کہ اگر ملزمان کو گرفتار نہیں کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں