جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد میں سیپکو حکام کا مختلف بہانوں سے بجلی بند کرنے کا سلسلہ بند نہ ہوا، طویل بریک ڈاؤن کی وجہ سے کاروبار رندگی مفلوج، گرمی کی وجہ سے شہری بلبلا اٹھے۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن نے شہریوں کو پریشان کردیا ہے، بدھ کے روز سیپکو حکام نے صبح 7بجے بجلی بند کردی اور پھر دوپہر 3بجے بجلی بحال کی گئی بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کی وجہ سے شہر کا کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے جبکہ بجلی پر چلنے کا کاروبار تو مکمل بند ہوچکا ہے،ادھر گرمی میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کی وجہ سے شہری بلبلا اٹھے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ سیپکو حکام کی جانب سے مختلف بہانے بنا کر بجلی بند کردی جاتی ہے جبکہ جیکب آباد میں لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے، بجلی بند ہونے سے ایک طرف کاروبار متاثر ہورہا تو دوسری جانب گرمی کی وجہ سے جینا محال ہوگیا ہے، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بہانے بنا کر بجلی بند کرنے کا سلسلہ بندکیا جائے۔
