حکمران اور سیاستدان اپنی سمت درست کریں،عالیہ خان

Spread the love

سیاسی قیادت اپنے اہداف کا تعین کرے، یہ تجربات کاوقت ہرگز نہیں.میڈیا سے گفتگو

لاہور(نمائندہ خصوصی)اردو گلوبل میڈیا رپورٹ کے مطابق انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ وومن ونگ لاہور کی صدر عالیہ خان نے کہا ہے کہ حکمران اور سیاستدان ایک دوسرے پر کیچڑاچھالنا بند اور اپنی اپنی سمت درست کریں۔نظام کی تبدیلی کیلئے درست ترجیحات اور دوررس اصلاحات کی ضرورت ہے کاش سیاستدانوں نے ایک دوسرے پر ناکامی کا ملبہ گرانے کی بجائے اپنے اپنے سیاسی اہداف کا تعین کیا ہوتا یہ تجربات کاوقت نہیں ،ورنہ خدانخواستہ کوئی بھی سانحہ ہوسکتا ہے۔حکمران اور اپوزیشن کیمپ میں بیٹھے سیاستدان یاد رکھیں عوام کے ساتھ براہ راست اور موثر رابطہ ریاست کی مضبوطی کی ضمانت ہے۔ ہمارے سیاستدان اب بھی بلیم گیم کرتے رہے تو ملک وقوم کی خدمت کون کرے گا۔ انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ وومن ونگ لاہور کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عالیہ خان نے مزید کہا کہ عہد حاضر کے سرگرم سیاستدانوں میں سے کسی کی سیاست ریاست سے اہم نہیں ہوسکتی ۔سیاسی قیادت قومی اہداف کی کامیابی سے تکمیل اورملک کو درپیش اندرونی وبیرونی خطرات کاسدباب کرنے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ دہشت،وحشت اورجہالت سے مستقل نجات اور مستقبل کی حفاظت کیلئے ہمیں منافرت اور صوبائیت کی سیاست کا باب بند کرنا ہوگا۔ عوام اس پارٹی کاساتھ دیں جو فیڈریشن اور وفاق کی علمبردار ہو۔انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں سے سنجیدہ اور باشعور لوگ ہماری تنظیم سے وابستہ اور اس کے انقلابی منشور سے متفق ہوکر معاشرے کی اصلاح اورفلاح کیلئے متحد اور مستعد ہو رہے ہیں۔نوجوانوں کی صفوں میں سے پرجوش قیادت اپنے خلوص نیت اور اپنی جہد مسلسل سے عوام کو بندگلی سے باہر نکالے گی ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کے اندر سے ڈرختم کر دیا ،اب وہ اپنے اور پاکستان کے مستقبل سے مایوس نہیں بلکہ پر امید اور پر عزم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں