ساہیوال(چوہدری محمد آ صف ندیم )پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سینٹر سیف اللہ خان نیازی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی تمام تر توجہ سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے پر مرکوز ہے۔ پارٹی کے مقامی رہنما ان دونوں مقاصد کے حصول کے لئے انتظامیہ سے قریبی رابطہ رکھیں اور عوام کو درپیش دیگر مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کروائیں۔ شکایات کے فوری حل سے ہی عوام حکومتی کارکردگی سے مطمن ہو گی اس لئے عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے۔ وہ یہاں سرکٹ ہاوس میں ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس، پارٹی رہنماوں اور پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انتظامی افسران کے علاوہ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما رائے حسن نواز خان،ممبر قومی اسمبلی رائے مرتضیٰ اقبال خان،فیض اللہ کموکا، ڈاکٹر ابوالحسن، شکیل احمد خان نیازی، چوہدری نوریز شکور خان، رانا آفتاب احمد خان، ملک فیصل جلال ڈھکو، میجر (ر) ڈاکٹر مظہر شیرازی، چوہدری علی شکور خان، وحید اصغر ڈوگر، شیخ محمد چوہان، محمد ارشاد کاٹھیا، شیخ شاہد حمید، میاں نوید اسلم، راؤ محمد اسلم خان اور سید رضوان شاہ بھی موجود تھے۔ انہوں نے ساہیوال میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ لی اور اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کی جائے اور اس میں پیش آنے والے مشکلات کو فوری حل کیا جائے تا کہ انہیں بروقت مکمل کیا جا سکے -انہوں نے ساہیوال میں کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ اور موٹر وے انٹر چینج کے میگا منصوبوں کا ترجیحی بنیادوں پر جائزہ لینے کا یقین دلایا -اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد اکرم وٹو نے بتایا کہ ضلع ساہیوال میں 18ارب 55کروڑ روپے کے 794منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 67منصوبوں پر 15ارب40کروڑ روپے بھی خرچ ہونگے – اجلاس میں کمشنر علی بہادر قاضی نے روزمرہ اشیاء کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے اور منڈیوں میں نیلامی سے لے کر پرچون کی سطح پر مانٹیرنگ کے عمل کی تفصیل سے وضاحت کی اور بتایا کہ نیلامی کے عمل کی تمام ڈپٹی کمشنرز خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور نیلامی اور پرچون کے ریٹ میں 20فی صد سے زائد فرق نہیں رکھا جاتا۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری نرخوں پر عمل درآمد کے لئے پرائس مجسٹریٹس کو بھی فعال کر دیا گیا ہے تاکہ اوور چارجنگ کی عوامی شکایات کم ہو سکیں۔ ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے شہر میں جاری 17ارب روپے کے انٹر میڈیٹ سٹی ایمپرومنٹ پروگرام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور یقین دلایا کہ منصوبے کی راہ میں حائل رکاوٹیں جلد دور کر کے کام کی رفتار کو تیز کیا جائے گا -اس سے پہلے تحریک انصاف کے رہنماؤں نے علاقے کو در پیش بڑے مسائل جن میں کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کا قیام،موٹر وے انٹر چینج،چیچہ وطنی میں ویٹرنری کیمپس کی تعمیر،ہڑپہ میں اوور ہیڈ برج کی تعمیر،پی ایچ اے کو فنڈز کی فراہمی اور میونسپل کارپوریشن سے متعلقہ عوام کو درپیش مشکلات کے بارے میں توجہ دلائی -سینٹر سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ وہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر تما م اضلاع کا دورہ کر رہے ہیں تا کہ حقیقی مسائل سے آگاہی ہو،کارکنوں کے مسائل سنے جائیں اور انتظامیہ سے رابطے کو بہتر بنایا جا سکے -بعد ازاں تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کو در پیش درینہ مسائل کے لئے کوشاں ہے تاہم محدود وسائل ان کے حل میں تاخیر کا سبب ہیں -آپ عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور انہیں حکومت کے اٹھائے گئے اقدامات بارے مسلسل آگاہی فراہم کریں -انہو ں نے کہا کہ اگلے دو سال عوامی مسائل کے حل کو سب سے زیادہ مقدم رکھا جائے گا اور ان کا پنجاب کاد ورہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے تا کہ دوردراز علاقوں کو در پیش مسائل کا ادراک کر کے انہیں حل کیا جا سکے –
