جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد میں پولیس کی کاروائی، غیر ملکی ادویات کی بڑی کھیپ برآمد کرلی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے سٹی تھانہ کی پولیس نے کاروائی کے دوران بھاری مقدار میں غیر ملکی ادویات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے، پولیس ترجمان کے مطابق سٹی تھانہ کی پولیس نے پیٹرولنگ کے دوران پتھر موڑ کے مقام پر لاوارث حالت میں پڑی اسمگل شدہ ادویات جن میں 7 ہزار چائینز انجکشن اور 40 ہزار گولیاں برآمد کرلی ہے جن کو کاروائی کے بعد کسٹم حکام کے حوالے کردیا گیا، اہم ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سٹی پولیس نے غیر ملکی و غیر معیاری ادویات کی بھاری کھیپ پکڑ کر دو ملزمان کو گرفتار کیا تھا لیکن لین دین کے بعد پولیس نے گرفتار کئے گئے دونوں ملزمان اور غیر ملکی ادویات کی بھاری مقدار چھوڑ دی جبکہ کم مقدار میں سستی ادویات کو لاوارث حالت میں کاروائی کے دوران ظاہر کیا گیا ہے، دوسری جانب جاری کی گئی پریس ریلیز میں بھی پولیس ترجمان نے اپنے پریس بیان میں دو مختلف موقف اختیار کئے ہیں ایک جگہ انہوں نے کہا کہ لاوارث حالت میں ادویات برآمد کی گئی ہیں جبکہ اسی پریس ریلیز میں دوسری جگہ چیکنگ کے دوران ادویات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
