ساہیوال (چوہدری محمد آ صف ندیم )حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر میں شان رحمتہ اللعالمین کی تقریبات بھرپور جذبہ ایمانی سے جاری ہیں اس سلسلہ میں پنجاب کونسل آف دی آرٹس ساہیوال کے زیر اہتمام سیرت النبی کانفرنس ڈپٹی کمشنر سید واجد علی شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوئی-کانفرنس میں مقررین نے ریاست مدینہ کا تصور اور عصری مسائل کا حل کے موضوع پر روشنی ڈالی-ممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری مہمان خصوصی تھے-کانفرنس میں ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عقیل اشفاق،ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی,سی ای او تعلیم ڈاکٹر محمد ارشد نے بھی شرکت کی-ڈپٹی کمشنر سید واجد علی شاہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر عمل پیرا ہوکر دین و دنیا کی کامیابی سمیٹی جاسکتی ہے حضور اکرم کی آمد سے جہالت اور گمراہی کے اندھیرے چھٹ گئے-انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے قیام میں ہر فرد اپنی ذمہ داریاں پوری کرے-انہوں نے کہا کہ ہفتہ شان رحمتہ اللعالمین تقریبات آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں حقیر نذرانہ ہے -ممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے شان رحمتہ اللعالمین تقریبات کے انعقاد کی منفرد روایت قائم کی۔ہر امتی اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی لاکر حقوق العباد کا خیال کرے-انہوں نے کہا کہ ہمارے موجودہ مسائل کی وجہ تعلیمات نبوی سے دوری ہے-ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض حمدانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے سیرت نبوی کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے آرٹس کونسل کی جانب سے یہ سلسلہ آئندہ بھی برقرار رکھا جائے گا-
