نااہل حکمران معیشت کو تباہ کرکے ملک کو توڑنے کی سازش کررہے ہیں

Spread the love

جیکب آباد(نامہ نگار) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سالار انجینئر عبدالرزاق عابد لاکھو نے کہا ہے کہ نااہل حکمران معیشت کو تباہ کرکے ملک کو توڑنے کی سازش کررہے ہیں، ملک کی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے، مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا ہے، پی ڈی ایم جمہوریت کی بحالی اور ملک بچانے کے لیے جدوجہد کررہی ہے، جادو ٹونے والی سرکار کو گھر بھیج کر ہی دم لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ جے یو آئی کے مرکزی رہنما عابد لاکھو نے مزید کہا کہ موجودہ حکمران عالمی سامراجی قوتوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں عالمی سازش کے تحت پاکستان کی معیشت کو تباہ کیا جارہا ہے بدترین مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا جس کی وجہ سے عوام خودکشیاں کرنے پر مجبور ہوچکی ہے، انہوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں کی سرپرستی کرنے والے اداروں کو بھی اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ پاکستان کے ساتھ ہیں یا عالمی قوتوں کے آلہ کار حکمرانوں کے ساتھ ہیں، انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم دھاندلی زدہ نااہل اور چور حکمرانوں سے عوام کو نجات دلانے کے لیے میدان میں ہے پاکستان کو بچانے کے لیے حکمرانوں کو گھر بھیجناضروری ہوگیا ہے، انہوں نے کہا کہ ملک میں جب تک شفاف انتخابات نہیں ہوتے اورحقیقی جمہوریت بحال نہیں ہوتی تب تک ملک کے مسائل حل نہیں ہونگے، جے یو آئی نے ملک کی بقاو سالمیت کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا تاکہ مشترکہ جدوجہد کے ذریعے ملک کو بحرانوں سے نکالیں، ان کا مزیدکہنا تھا کہ ملک میں اس وقت غیر یقینی کی صورتحال پائی جارہی ہے اداروں کے درمیان کشیدگی ملک کے لیے نقصان کا باعث ہوگا، افغانستان میں طالبان حکومت کے قیام کے بعد خطے کی صورتحال تبدیل ہوچکی ہے اس لیے ہمیں بھی اہم فیصلے کرنا ہونگے اس کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان میں فلفور شفاف انتخابات کرائے جائیں اور جمہوریت کو بحال کیا جائے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جے یو آئی سندھ میں ایک بڑی سیاسی قوت بن کر ابھری ہے اگر شفاف انتخابات ہوئے تو ملک بھر کی طرح سندھ میں بھی جے یو آئی بھرپور کامیابیاں حاصل کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں