خیرپور میرس کے قریب کنب تھانہ کی حدود نیشنل ہائی وے پر ڈاکوؤں نے جے یو آئی رہنما کی گاڑی چھین لی

Spread the love

جیکب آباد (نامہ نگار) خیرپور میرس کے قریب کنب تھانہ کی حدود نیشنل ہائی وے پر ڈاکوؤں نے جے یو آئی رہنما کی گاڑی چھین لی، ڈرائیور اور مسافروں پر تشدد کرکے سامان بھی لوٹ لیا۔ تفصیلات کے مطابق حیدر آباد سے جیکب آباد آنے والی جی ایل آئی کرولا کار کو خیرپور میرس ضلع کے کنب تھانہ کی حدود نیشنل ہائی وے پر 6مسلح ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر روک کر گاڑی میں سوار ڈرائیور سمیت 3مسافروں کویرغمال بنا کر اغوا کرلیا اور نیشنل ہائی وے سے نیچے اتار کر سخت تشدد کا نشانہ بناکر گاڑی چھین کر فرار ہوگئے، گاڑی کے ڈرائیور زبیر احمد نے بتایا کہ حیدر آباد سے جیکب آباد آرہے تھے کہ خیر پورمیرس کے کنب تھانہ کی حدود نیشنل ہائی وے پر 6سے زائد مسلح افراد نے روڈ بلاک کرکے ہماری گاڑی کو روکا جس کے بعدوہ اسلحہ کے زور پرہمیں اغوا کرکے لے گئے اور ہمیں تشدد کا نشانہ بنایا اور ہم سے موبائل فون سمیت دیگر سامان بھی چھین کر گاڑی لیکر فرار ہوگئے، حدود کے تھانہ جاکر پولیس کو اطلاع دی ہے تاہم گاڑی کے متعلق کوئی معلومات نہیں مل سکی ہے، مذکورہ گاڑی جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری کی تھی جو پرائیوٹ ٹیکسی چلتی تھی، اس سلسلے میں جے یو آئی رہنما ڈاکٹر اے جی انصاری نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ امن امان کی صورتحال خراب ہوچکی ہے نیشنل ہائی وے پر بھی عوام غیر محفوظ ہوچکی ہے ڈاکو سرعام اسلحہ کے زور پر لوگوں کو لوٹ رہے ہیں قانون نام کوئی چیز نہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ میں ایک بار پھر ڈاکو راج قائم ہوچکا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ فلفور چھینی گئی کار واپس کرائی جائے اور ڈاکوؤں کے خلاف کاروائی کی جائے بصورت دیگر جے یو آئی کی جانب سے سندھ بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں