جیکب آباد(نامہ نگار) جے یو آئی کی جانب سے بڑھتی ہوئی بدامنی اور پولیس ذیادتیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں جے یو آئی کی جانب سے ضلع بھر میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور شہریوں کے ساتھ پولیس کی ذیادتیوں کے خلاف ایک احتجاجی جلوس تعلقہ امیر مولانا عبدالجبار رند،حماد اللہ انصاری، محمد امین جکھرانی،مولوی غلام شبیر شیخ، عبدالغفار جکھرانی، قاری محمد شریف نوناری اور دیگر کی قیادت میں نکالا گیا، مظاہرین نے بڑھتی ہوئی بدامنی کے خلاف نعریبازی کرتے ہوئے شہر میں مارچ کیا اور شہر کے اہم ڈی سی چوک پر دھرنا دیا جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی، بعدازاں مظاہرین پریس کلب کے سامنے پہنچے جہاں مظاہرین سے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس پی شمائل ریاض ملک کی مقرری کے بعد ضلع بھر میں امن امان کی صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے، چوری، ڈکیتی، اغوا، لوٹ مار کے واقعات روز کا معمول بن چکے ہیں، عوام خود کو غیر محفوظ سمجھ رہی ہے، پولیس عوام کو تحفظ دینے کے بجائے بااثر لوگوں کی غلامی میں مصروف ہے، انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی ضلع میں امن قائم کرنے کے بجائے سیاست کررہے ہیں اور بے گناہ لوگوں پر جھوٹے مقدمات درج کئے جارہے ہیں، ہندو جنرل پنچائت کے صدر لعل چند سیتلانی کو بلاجواز گرفتار کرکے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کے ساتھ ذیادتیاں کسی صورت قبول نہیں جے یو آئی اقلیتی برادری کے ساتھ ہے اور کسی کے ساتھ بھی ذیادتی برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی کو فلفور ہٹا کر فرض شناس افسر مقرر کرکے امن وامان بحال کیا جائے۔
