جیکب آباد(نامہ نگار) جماعت اسلامی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا نے کہا ہے کہ حکومت تحریک لبیک سے کئے گئے معاہدے پر عملدرآمد کرکے ملک کوبحران سے بچائے، 31اکتوبر کو مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں بھرپور مارچ ہوگاجس میں ملک بھر سے ڈگری ہولڈر نوجوان خصوصی طور پر شرکت کریں گے، عوام نے سب کو آزمالیا اب جماعت اسلامی کو موقع ملنا چاہئے۔پیر کے روز جیکب آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اپنے وعدوں کے برعکس آٹا و چینی چور مافیا کے ہاتھوں یرغمال ہے عوام مہنگائی اور بیروزگاری کے چکی میں پس رہے ہیں غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، پی ٹی آئی کا مہنگائی کو ختم، روزگار کی فراہمی، گھروں کی تعمیر سمیت عام آدمی کو ریلیف دینے کے تمام تر دعوے تاحال جھوٹے ثابت ہوئے ہیں، اسلامی نظام اور دیانتدار قیادت ہی ملک کو موجودہ بحران اور عوام کو مہنگائی سمیت تمام مسائل سے نجات دلاسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ جب تک ملک میں سودی نظام معیشت جاری رہے گا اس وقت تک ملک ترقی اور عوام کی تقدیر نہیں بدل سکتی کیوں کہ اللہ تعالی نے سودی نظام کو اللہ اور اس کے رسولﷺ سے جنگ کا کھلا اعلان قرار دیاہے موجودہ حکومت ایک طرف ریاست مدینہ کی بات کرتی ہے تو دوسری طرف سودی نظام معیشت کو جاری رکھ کر عذاب الٰہی کو دعوت دے رہی ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا یہ کہنا کہ دائیں بازوں کی پارٹیوں کی ترجیحات میں صحت عامہ شامل نہیں ہے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ الحمداللہ جماعت اسلامی کے سندھ سمیت پورے ملک میں تعلیم اور صحت کے میدان میں ادارے قائم ہیں اور بلاتفریق عوام کی خدمت کررہے ہیں، کرونا کی صورتحال کے پیش نظر ہماری ڈاکٹروں کی تنظیم پیما اور فلاحی ادارے الخدمت فاؤنڈیشن نے ایک طرف اس موذی مرض سے بچاؤ کے لیے آگاہی،علاج معالجہ تو دوسری طرف کرونا اور لاک ڈاؤن سے متاثر خاندانوں کو ریلیف پہنچانے میں صف اول کا کردار ادا کیا، انہوں نے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے اپنے ذاتی خرچ پر صحت کے شعبے میں کتنے ادارے کام کررہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سمیت دائیں بازوں کی پارٹیوں میں صحت عامہ کے شعبے کی ترجیح بھی ہے اور حسب حال بغیر حکومت کے عوام کی خدمت کا فریضہ بھی سرانجام دے رہے ہیں۔
