جیکب آباد(نامہ نگار)جیکب آباد میں بدامنی اور پولیس زیادتیوں کے خلاف چوتھے روز بھی صرافہ چوک پر علامتی بھوک ہڑتال، پولیس گردی کے خلاف سخت نعریبازی۔ تفصیلات کے مطابق چیمبر آف کامرس کی کال پر صرافہ چوک پر چوتھے روز بھی علامتی بھوک ہڑتال کی گئی جس میں احمد علی بروہی، پی پی شہید بھٹو کے ندیم قریشی، ایم این اے سیل کے انچارج ارسلان میمن، ذوالفقار سومرو، صرافہ یونین کے صدر جمال الدین لکھن، بی این پی کے گلاب جان مینگل، عبدالحئی سومرو، احسان شاہ، گلشیر بروہی، روشن گورکھا، سریچند بھاؤنانی، کھاد مارکیٹ کے بدھر لعل، بانو بازار کے شرن سیتلانی اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی مظاہرین نے پولیس گردی اور ایس ایس پی کے خلاف سخت نعریبازی کی، احمد علی بروہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندو پنچائت کے صدر لعل چند سیتلانی کو قتل کرنے کی سازش کی جارہی ہے جس میں انتظامیہ اور ایس ایس پی کے ساتھ دیگر بھی ملوث ہیں، ایس ایس پی سیاسی مقاصد کے لئے بیوپاریوں اور ہندو برادری سے زیادتی کررہا ہے، پولیس نے گرفتار کرکے لعل چند کی بیٹے کی سامنے تذلیل کی اور تشدد کا نشانہ بنایا ڈوب مرنے کا مقام ہے، ظلم اور زیادتی کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی جب تک ایس ایس پی کے خلاف کاروائی نہیں کی جاتی ہماری تحریک جاری رہے گی، دھرنوں کا شوق نہیں ناانصافی برداشت نہیں کر سکتے۔
