کمشنر علی بہادر قاضی کا اراضی ریکارڈ سینٹر چیچہ وطنی کا اچانک دورہ

Spread the love

ساہیوال چوہدری محمد آ صف ندیم:
عوامی شکایات سنیں اور موقع پر حل کے احکامات جاری کئے عوام کو سینٹر کے بار بار چکر لگوانا برداشت نہیں کیا جائے گا:کمشنر کی عملے کو وارننگ
عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں:علی بہادر قاضی سہولت بازار میں آٹے اور چینی کی دستیابی چیک کی اور آٹے کے تھیلے کا وزن بھی کروایا

ساہیوال،کمشنر ساہیوا ل ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ عوامی شکایات کے ازالے میں تاخیر اور انہیں کام کے سلسلے میں بار بار چکر لگوانے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ سرکاری ملازمین اپنے رویے درست کریں اور سائل کو ہر ممکن ریلیف دیں۔ انہوں نے یہ بات اراضی ریکارڈ سینٹر چیچہ وطنی کے اچانک دورے کے دوران کہی جس میں انہوں نے سنٹر میں موجود سائلین سے بات چیت کی اور انہیں درپیش مشکلات سنیں۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر اور اسسٹنٹ کمشنر چیچہ وطنی سید عثمان حسن بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے سنٹر کے مختلف حصے بھی دیکھے اور وہاں کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عوامی شکایات پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ اراضی ریکارڈ سنٹر کا عملہ اپنے رویے میں تبدیلی لائے اور ہر سائل کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئے۔ بعدازاں کمشنر علی بہادر قاضی سہولت بازار بھی گئے اور وہاں عوام کو ناجائز منافع خوری سے بچانے کے لئے لگائے گئے اشیاء صرف کے سٹالز کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے آٹے اور چینی کے سٹالز پر خریداری کے لئے آئے ہوئے افراد سے بھی بات چیت کی اور ان سے دونوں اشیاء کی قیمتوں کے بارے میں پوچھا۔ کمشنر نے آٹے کے ایک تھیلے کا وزن بھی کروایا اور عملے کو ہدایت کی کہ ان سٹالوں پر آٹے اور چینی کی دستیابی میں کوئی کمی نہیں آنی چاہئے۔ دورے کے دوران کمشنر ڈی پی ایس سکول کے لئے مختص کی گئی کی مجوزہ جگہ پر بھی گئے اور اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی کہ 47کنال17مرلے جگہ کی سکول کو منتقلی کا عمل جلد مکمل کیا جائے تاکہ تعمیراتی کام شروع ہو سکے۔ انہوں نے پہلے مرحلے میں مختص جگہ کی نشاندہی کر کے “باربرڈ وائر”لگانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے کیمپس کی تعمیر سے چیچہ وطنی کے طلبہ و طالبات کو ڈی پی ایس میں داخلے کے لئے درپیش مشکلات دور ہونگی اور انہیں معیاری تعلیم میسر آئے گی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں