جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آبادکی جمس اسپتال میں سہولیات کا فقدان، صحافی کا نومولود بھتیجا آکسیجن نہ ملنے سے فوت، زچگی کے لیے آنے والی خاتون کا علاج کرنے انکار، خاتون کئی گھنٹوں سے تکلیف سے چلاتی رہی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی جمس اسپتال میں صحت کی سہولیات کا فقدان ہے کروڑوں روپے بجٹ کے باوجود مریضوں کو علاج کی کوئی سہولت میسر نہیں جاتی جس کی وجہ سے اسپتال سے لاشیں اٹھنا معمول بن گیا ہے، گذشتہ روز جیکب آباد کے صحافی زبیر ابڑو کا نومولود بھتیجا آکسیجن نہ ملنے کی وجہ سے جمس اسپتال میں فوت ہوگیا، صحافی زبیر ابڑو کا کہنا تھا کہ زچگی کے لیے جمس اسپتال گئے تو وہاں سہولت نام کی کوئی چیز نہیں تھی زچگی کے بعد نومولود بچے کو آکسیجن فراہم نہیں کی گئی تو بچہ فوت ہوگیا انہوں نے اس کا ذمہ دار جمس انتظامیہ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ جمس اسپتال کو تباہ کردیا گیا ہے، یو ایس ایڈ کے جیکب آباد کی عوام کو علاج کے لئے دئے گئے بہترین تحفے جمس کو جان بوجھ کر تباہ کیا جا رہا ہے، وزیر اعلی سندھ، بلاول بھٹو زرداری، وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو اور دیگر حکام نوٹس لیں مریضوں کو علاج کی سہولیات دینے کے بجائے ہسپتال کی سالانہ 70کروڑ سے زائد بجٹ میں کرپشن کرکے بند بانٹ کی جا رہی ہے، علاوہ ازیں بلوچستان سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو زچگی کے لیے جمس اسپتال لایا گیا لیکن عملے نے اس کو داخل کرنے سے انکار کرتے ہوئے اسے لاڑکانہ یا سکھرلے جانے کا مشورہ دیا اور اسپتال سے باہر نکال دیا، زچگی کے لیے آنے والی خاتون کے ورثہ نے شدید درد سے چلاتی ہوئی خاتون کو اسٹریچر پر رکھ کر اسپتال میں احاطے میں رکھ دیا جہاں خاتون کئی گھنٹوں تک تکلیف سے چیختی رہی، خاتون کے ورثہ نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ہم غریب ہیں لاڑکانہ کیسے جائیں اتنی بڑی ہسپتال ہے لیکن غریب کو علاج کی سہولت میسر نہیں دھکے کھانے پر مجبور ہیں سفارشیوں کاعلاج کی جا رہا ہے جوکہ ذیادتی ہے جس کے بعد مجبوراً ورثہ خاتون کو دوسری اسپتال لے گئے۔
