جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد میں مچھروں کی بہتات، سینکڑوں لوگ ملیریا میں مبتلا، ڈینگی پھیلنے کا خطرہ، محکمہ صحت نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی شہر بھر میں مچھروں کی بہتات ہوگئی ہے، مچھروں کے کاٹنے کے باعث سینکڑوں شہری ملیریا جیسی جان لیوا بیماری میں مبتلا ہوگئے ہیں جبکہ ڈینگی پھیلنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، شہر بھر میں مچھروں کی بہتات کے باوجود محکمہ صحت نے کوئی نوٹس نہیں لیا اور تاحال مچھر مار اسپرے نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے ملیریا کے مزید پھیلنے کا خدشہ ہے، اس سلسلے میں شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں گلی محلوں میں پانی کے جوہڑ مچھروں کی افزائش کا سبب بن رہے ہیں، محکمہ صحت کی جانب سے مچھر مار اسپرے تک نہیں کرایا گیا، انہوں نے کہا کہ فلفور شہر میں صفائی کا نظام درست کرکے مچھر مار اسپرے کرکے شہریوں کو مچھروں سے نجات اور ملیریا و ڈینگی جیسی جان لیوا بیماریوں سے بچایا جائے۔
