“مُجھ کو میرے بابا لا دو”

Spread the love

ایک سوالیہ نشان؟؟؟
میرے قابل قدر محترم بھائی احمد نعیم ارشد جنہوں نے جب جب لکھا بے ساختہ اور فل بدیع لکھا ان کی حالیہ دھرنوں اور مفاہمت کے بعد
اک بے ساختہ نظم مرنے والوں کے یتیم بچوں کی حسرتوں کے نام

“مُجھ کو میرے بابا لا دو”

لڑنے والو دھرنے والو
صلح مبارک تُم کو لیکن
میرے بابا پیارے بابا
میں جن کی آغوش میں اکثر
لیٹی لیٹی سو جاتی تھی
اور سپنوں میں کھو جاتی تھی
دور کہیں جھولوں کی دنیا
میں اور بابا
ساتھ میں میری گڑیا رانی
سپنوں کی انمول کہانی
لیکن کتنے دن سے میرے
سوہنے بابا پیارے بابا
گھر کا رستہ بھول گئے ہیں
میری ننھی مُنی آنکھیں ترس گئی ہیں
میرے بازو تڑپ رہے ہیں
کل اِک انکل گھر آئے تھے
ڈھیر کھلونے بھی لائے تھے
مُجھ کو گود میں لے کر بولے
بیٹا تیرے بابا جانی زندہ ہیں
میں امی سے پوچھ رہی ہوں
امی بابا زندہ ہیں تو میرے پاس بلاؤ اُن کو
امی میری باتیں سُن کر رو دیتی ہیں
میں اب جان چکی ہوں بابا
اللہ جی کے پاس گئے ہیں
دھرنے والو , لڑنے والو!
اللہ جی سے مجھ کو میرے
پیارے بابا, سوہنے بابا
واپس لے کر دے سکتے ہو؟
لڑنے والو, دھرنے والو
تُم تو” اللہ والے” ہو نا؟
جاؤ دونو مل کر میری
اللہ کو فریاد سنا دو
مجھ کو میرے بابا لادو
مجھ کو میرے بابا لا دو………….! شاعر:حکیم احمد نعیم ارشد
انتخاب: راشدخان

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں