سرکار دو عالم کی آمد اور انکی تعلیمات سے انسانی زندگی کے ہر گوشے میں ایک عظیم انقلاب برپا ہو گیا۔معروف ثناخواں
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)اردو گگلوبل میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معروف و نوجوان ثناخواں مریم کھوکھر نے کہا کہ اللہ تبارک تعالی نے آنحضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو پوری انسانیت کیلئے آخری کامل رہنما اور معلم بنا کر بھیجا۔ سرکار دو عالم کی آمد اور ان کی تعلیمات سے انسانی زندگی کے ہر گوشے میں ایک عظیم انقلاب برپا ہو گیا جناب رحمت اللعالمین کی آمد کی بدولت الہیات و عقائد ،عبادات و معاملات، انفرادی، گھریلوں، اور اجتماعی زندگی، اخلاقیات، معاشیات اور سیاسیات سمیت زندگی کے ہر شعبے میں کامیاب اور خوشگوار تبدیلی رونما ہوئی۔ پاکستان کی معروف و نوجوان ثناخواں مریم کھوکھر نے بین الاقوامی گلوبل ٹائمز میڈیا کے ساتھ ایک اخباری بیان میں کہا کہ سرکار عالم حضرت محمد کی حیات مقدسہ ہمارے لئے کھلی کتاب کی صورت ہے، جو امانت و دیانت، سادگی، منصف مزاجی، رحمت وعفوودرگزر، تحمل و بردباری، ایثار و قربانی، سچائی افراد سے عمدہ سلوک، سخاوت، شجاعت، انکسار و تواضع عہد کی پابندی، باہمی معاملات میں عمدگی، یتامی، بیوگان، ناداروں اور محتاجوں کی امداد اور ان سے ہمدردی کی مثالوں سے بھری پڑی ہے اور روزمرہ کے معاملات میں ہماری رہنمائی کرتی ہے۔ریاستی امور کو ریاست مدینہ کی طرز پر ڈھالنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم سب دینی، قومی اور اجتماعی مفادات کو ترجیح دیں، اپنی سوچ اور ردیوں میں مثبت تبدیلی لائیں۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ ہم تعلیمات نبوی صلی اللہ علیہ وسلم پر اس کی روح کے مطابق عمل پیرا ہوں تا کہ وطن عزیز میں ایک فلاحی معاشرے کا قیام ممکن ہو سکے کیونکہ آج بھی فلاح انسانیت کا دارومدار سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات و اسوہ حسنہ پر عمل کرنے میں ہے انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تبارک و تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں محسن انسانیت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطاء کرے اور وطن عزیز پاکستان کو حقیقی ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن فرمائے۔آمین
