جیکب آباد(نامہ نگار) کلمہ طیبہ کے پہلے جز میں اللہ پاک کی عبادت کا اقرار کرنے کے بعد نمازوں میں غفلت اور سستی افسوسناک عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار سنی پارٹی پاکستان کے چیئرمین مولانا ابوالحسن محمدعبدالخالق قادری نے جامع مری مسجد میں محفل میلاد کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سنی پارٹی پاکستان کی جانب سے جشن عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں جامع مری مسجد فرسٹ فیملی لین میں سالانہ محفل میلاد منعقد کی گئی جس میں معروف ثناء خواں حضرات نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتوں کے گلدستے پیش کرنے کی سعادت حاصل کی، اس موقع چیئرمین سنی پارٹی پاکستان مولانا ابوالحسن محمدعبدالخالق قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم کلمہ طیبہ کے پہلے جز میں اللہ پاک کی عبادت کا اقرار تو کرتے ہیں مگر غور نہیں کرتے کہ جب ہم دل سے مان رہے ہیں کہ اللہ پاک کے علاوہ کوئی اور عبادت کے لائق نہیں تو پھر اللہ پاک کی عبادت سے منہ موڑنا اور نمازوں میں سستی اور غفلت کرنا کتنا حیرتناک اور افسوسناک عمل ہے، محفل کے اختتام پر صلٰوۃ و سلام کے بعد ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔
